بحرین جانیوالے خاندان کے پیٹ سے سیکڑوں منشیات بھرے کیپسول برآمد

ویب ڈیسک  جمعـء 9 جون 2023
گرفتار ملزمان میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد شامل ہیں

گرفتار ملزمان میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد شامل ہیں

 اسلام آباد: پاکستان سے بحرین جانے والے خاندان کے افراد کے پیٹ سے سیکڑوں منشیات بھرے کیپسول برآمد کرلیے گئے۔

ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس  نے انٹیلی جنس کی اطلاع پر اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر کارروائی کی، جس میں بحرین جانے والا بین الاقوامی اسمگلر خاندانی گروہ گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار افراد میں 3 خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 9 افراد شامل ہیں۔

دوران حراست ملزمان نے اپنے پیٹ میں منشیات بھرے کیپسولز کی موجودگی کا اعتراف کیا، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کر کے کیپسولز برآمد کر لیے گئے۔ ملزمان سے مجموعی طور پر 575 ہیروئن اور 159 آئس بھرے کیپسولز برآمد ہوئے، جن میں سے 3کلو 453 گرام ہیروئن اور 788 گرام آئس برآمد ہوئی۔ گرفتار افراد کا تعلق پشاور، مردان اور چارسدہ سے ہے۔ ملزمان پرواز نمبر PK-187 کے ذریعے بحرین کے لیے روانہ ہو رہے تھے۔

اینٹی نارکوٹکس فورس کی جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی پر ایک اور کارروائی میں مسافر کے پیٹ سے 91 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کرلیے گئے، جن میں موجود ہیروئن کا مجموعی وزن ایک کلو 170 گرام ہے۔ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر موقع پر موجود سہولت کار ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ دونوں ملزمان کا تعلق منشیات فروش گروہ سے ہے، جو غیر ممالک میں اسمگلنگ کرتے تھے۔ لاہور کے رہائشی ملزمان پرواز نمبر EK-607 کے ذریعے چین روانہ ہو رہے تھے۔اینٹی نارکوٹکس فورس نے کارروائیوں میں گرفتار کیے گئے ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔