سبزی منڈی کے تاجر کے قتل میں ملوث 2 ملزمان گرفتار اسلحہ برآمد

ملزمان نے ڈکیتی کی نیت سے مقتول کی گاڑی کوروکناچاہا، نہ رکنے پر فائرنگ کردی، پولیس


یٰسین 5 بچوں کا باپ اور 5 بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا، مقتول کے بھائی عمران کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

عوامی کالونی انویسٹی گیشن پولیس نے سبزی منڈی کے تاجر کے قتل میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور گولیاں برآمد کرلیں۔

عوامی کالونی انویسٹی گیشن پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 2 ملزمان محمد شہزاد اور باقر الرحمن کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں برآمد کر لیں ، عوامی کالونی انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے ڈکیتی کی نیت سے25 مارچ 2014 کی صبح عوامی کالونی تھانے کی حدود مل ایریا سیکٹر 27 میں ایک کار کو روکنے کی کوشش کی تھی اور نہ رکنے پر کار پر فائرنگ کردی تھی اور فرار ہوگئے تھے، فائرنگ کے نتیجے میں کار میں سوار سبزی منڈی کے تاجر44 سالہ محمد یاسین ولد عبدالغفور جاں بحق ہو گئے تھے ، واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 137/2014 عوامی کالونی تھانے میں درج ہے۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ عوامی کالونی ،کورنگی صنعتی ایریا ، بوٹ بیسن ، بلوچ کالونی اور مختلف علاقوں میں 15سے زائد لوٹ مار کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے مقتول کے چھوٹے بھائی محمد عمران نے بتایا کہ مقتول4 بیٹیوں اور ایک بیٹے کا باپ تھا اور5 بہن بھائیوں میں سب سے بڑے تھا، انھوں نے بتایا کہ واقعے کے روز ان کے مقتول بھائی صبح کورنگی نمبر4 میں واقعے اپنی رہائش گاہ سے سبزی منڈی جا رہے تھے کہ مل ایریا میں یہ افسوسناک واقعہ ہوگیا۔

واضح رہے کہ مقتول تاجر محمد یاسین کا 15اپریل 2014 کو لیاقت آباد تھانے کی حدود میں دکان پر فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ کے 3 کارکنوں اوراس واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے، 29 اپریل کو تہرے قتل کے حوالے سے شائع ہونیوالی خبر اور مقتولین کی تصاویر کے ساتھ مقتول محمد یاسین کی تصویر غلط فہمی کی بنیاد پر شائع ہو گئی تھی۔