پنجاب پولیس کے دلیرجوانوں کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان

ایوارڈ کمیٹی ہر ضلع سے تمغہ شجاعت کیلیے میرٹ پر افسران و اہلکاروں کا انتخاب کرے گی، آئی جی پنجاب


ویب ڈیسک June 28, 2023
فوٹو: ایکسپریس

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فورس کے نڈر اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے جوانوں کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ عید کے بعد افسران و اہلکاروں کو تمغہ شجاعت ( Gallantry Medal) دینے کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں، یہ میڈل جانفشانی سے فرائض سر انجام دینے والے دلیر افسران و اہلکاروں کو دیا جائے گا، تمغہ شجاعت کے ساتھ کیش ایوارڈ بھی بطور انعام دیا جائے گا۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ صرف شہدا اور زخمی جوان ہی میڈلز کے حقدار نہیں اور نہ ہی میڈلز کا صرف وفاقی حکومت کی طرف سے دیا جانا لازم ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں برس پنجاب پولیس نے ڈکیتوں، دہشت گردوں، منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن میں گذشتہ سال کی نسبت چار گنا زیادہ گولیاں کھائی ہیں، کچے کے علاقے میں آپریشن میں حصہ لینے والے جانبازوں کی بلٹ پروف جیکٹس گولیوں سے چھلنی ہیں، پولیس اے پی سیز پر متعدد مرتبہ راکٹ لانچرز سے حملے ہوئے۔

آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی، پٹرولنگ ، اسپیشل برانچ، اسپیشل پروٹیکشن یونٹ، ڈولفن کے جوانوں نے گولیاں کھائیں، تھانوں پر حملوں کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس شہریوں کی جان ومال کی حفاظت اور خدمت کے دوران کسی مقام سے پیچھے نہیں ہٹی۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ قائد اعظم پولیس میڈل، پی پی ایم، شہدا اور غازی میڈلز اس میڈل کے علاوہ ہیں، انہوں نے کہا کہ ایوارڈ کمیٹی ہر ضلع سے تمغہ شجاعت کیلیے میرٹ پر افسران و اہلکاروں کا انتخاب کرے گی، اور ایوارڈ یافتگان کو فیملی کے ساتھ سنٹرل پولیس آفس مدعو کرکے باعزت انداز اور پروقار تقریب میں یہ ایوارڈ دیا جائے گا۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پولیس کو عید الاضحٰی کی سیکیورٹی کے بعد محرم الحرام کے پر امن انعقاد سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا ہے،پولیس افسران و اہلکار بھرپور محنت و فرض شناسی سے فرائض سر انجام دیتے ہوئے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں گے۔

مقبول خبریں