جو مرضی طوفان آئے بجلی چوری برداشت نہیں کرینگے عابد شیر علی

پنجاب میں کوئی فیڈر بند نہیں کیا گیا، بل نہ دینے والوں کے کنکشن کاٹیں، نور عالم


Monitoring Desk May 02, 2014
خیبرپختونخوا کو اپنے حصے کی بجلی نہیں مل رہی، علی احمد کی ’’ کل تک‘‘ میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ ہم نے پورے پاکستان میں نادہندگان کیخلاف آپریشن کیا ہے، ہم نے کنٹونمنٹ بورڈ سمیت تمام نادہندہ اداروں کے کنکشن کاٹے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''کل تک'' میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو میں انہوںنے کہا کہ ہم نے سندھ حکومت سے56 ارب روپے لینے ہیں۔ ہم کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کر رہے۔ میں نے کسی سندھی کو چور نہیں کہا، میں سندھ اسمبلی کا احترام کرتا ہوں لیکن بجلی چوروں کا کوئی احترام نہیں ہے۔ نوڈیروکے ایک فیڈر میں91 فی صد لائن لاسز ہیں۔ جو لوگ بل نہیں دیں گے ان کی بجلی بند کریں گے۔ پیسکو ریجن میں سو ارب سے زائد واجب الادا ہیں، سوات اور مالاکنڈ کے لوگ بل دیتے ہیں ان کے فیڈر بند کیوں نہیں ہوتے۔ جو مرضی طوفان آجائے بجلی چوری اورسینہ زوری نہیں برداشت کی جائیگی بجلی چوروں کے خلاف مہم سارے پاکستان میں جاری ہے۔

احتجاج وہاں پر ہی ہوتے ہیں جہاں پر نوے فی صد لوگ بجلی چوری کرتے ہیں ۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نور عالم نے کہا کہ وزارت بجلی کے پی کے اور سندھ میں فیڈر بند کررہی ہے لیکن پنجاب میںکوئی فیڈر بند نہیںکیا۔ جو لوگ بل نہیں دیتے ان کی بجلی کاٹنی چاہئے سب کے فیڈر بند کرنا غیرمناسب ہے، اس طرح فیڈر کاٹنے سے ان کے خلاف مقدمہ درج ہو سکتا ہے۔ آجکل پاکستان کو گیس سندھ سے مل رہی ہے بلوچستان سے نہیں مل رہی تو کیا سندھ پاکستان کی گیس بند کردے۔

کے پی کے میں پیدا ہونے والی بجلی کی قیمت میں سات روپے فی یونٹ اضافہ کردیاگیا ہے اور پھر وہاں پر فیڈر بھی بندکردیں تو عوام کیسے بل دینگے۔کے پی کے میں بجلی پانی سے بنتی ہے تو ہم پٹرولیم کے چارجز کیوں دیں۔ تحریک انصاف کے رہنما علی احمد نے کہا کہ عابد شیر علی خیبر پختونخوا جاتے ہیں لیکن یہ ہم سے رابطہ نہیں کرتے یہ ہم سے رجو ع کریں تو ہم ان کو سپورٹ کریں گے۔ کے پی کے میں فیڈر کاٹنے سے وہ لوگ بھی بل دینے سے انکار کرتے ہیں جو بل دے رہے ہیں۔

عابد شیر کے طرزعمل سے ظاہر ہونا چاہیے کہ یہ پورے پاکستان کے وزیر ہیں۔ میں ان کو پیشکش کرتا ہوں کہ یہ میرے ساتھ چلیں اور جہاں جہاں بجلی چوری ہو رہی ہے میں خود ان کو رسائی دوں گا، یہ اکیلے کامیاب نہیں ہو سکتے۔ نیشنل گرڈ میں ہمارا حصہ سولہ فیصد ہے مگر ہمیں ہمارے حصے کی بجلی بھی نہیں مل رہی۔ منڈاڈیم کی مد میں چارارب روپے کی کرپشن ہے اوریہ بات اسٹینڈنگ کمیٹی کے سامنے ہوئی ۔واپڈاخود 1.4 ارب روپے کا نادہندہ ہے۔