پی ایچ ایف کے سینٹرل کنٹریکٹ کی بحالی حکومتی گرانٹ سے مشروط

آئندہ بجٹ میں حکومت سے قومی کھیل کے فروغ کیلیے 50 کروڑ روپے مختص کرنے کی درخواست کی ہے،رانا مجاہد


Sports Desk May 06, 2014
آئندہ بجٹ میں حکومت سے قومی کھیل کے فروغ کیلیے 50 کروڑ روپے مختص کرنے کی درخواست کی ہے،رانا مجاہد فوٹو : فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کی بحالی کو حکومتی گرانٹ سے مشروط کردیا، سیکریٹری رانا مجاہد کا کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ میں حکومت سے قومی کھیل کے فروغ کیلیے 50 کروڑ روپے مختص کرنے کی درخواست کی ہے۔

اگر پی ایچ ایف کی گزارشات سن لی گئیں تو قومی کھلاڑیوں کا سینٹرل کنٹریکٹ بحال کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکٹرز کو بھی ماہانہ تنخواہیں دی جائیں گی لیکن اگر فنڈز نہ ملے اور گرانٹ مختص نہ کی گئی تو پلیئرز اورسلیکٹرز کو یومیہ الائونس پر ہی کام کرنا پڑے گا ۔کراچی کے ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مجاہد نے بتایا کہ فیڈریشن نے باہمی صلاح و مشورے کے بعد کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ بحال کرنے کا فیصلہ کیا، مشاورت میں اکثریت کا موقف تھا کہ کھلاڑیوں کو ماہانہ بنیادوں پر کچھ نہ کچھ رقم فراہم کی جائے گی تو ان کے مالی مسائل میں کافی حد تک کمی واقع ہوسکتی ہے جس سے ان کی تمام تر توجہ کھیل پر مرکوز ہوگی۔

انھوں نے بتایا کہ ہم سب نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکٹرز کو بھی ماہانہ تنخواہیں دی جائیں۔ رانا مجاہد کے مطابق حکومت سے آنے والے بجٹ میں قومی کھیل کے فروغ کیلیے 50کروڑ روپے مختص کرنے کی درخواست کی ہے، اگر فنڈز نہ ملے اور گرانٹ مختص نہ کی گئی تو پی ایچ ایف ہاکی کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے حوالے سے بنائے گئے منصوبے پر مکمل طور پر عملدرآمد نہیں کر سکے گی اور ہمارے نہ چاہتے ہوئے بھی کھلاڑیوں اور سلیکٹرز کو یومیہ الائونس پر ہی کام کرنا پڑیگا۔