عمران خان سے مناظرہ کرنا ہے تو میر شکیل الرحمن کریں محمودالرشید

افتخار احمد اپناقد دیکھیں،وہ عمران خان کے سپاہیوں سے مناظرہ کرلیں، ، محمودالرشید


Monitoring Desk May 08, 2014
افتخار احمد اپناقد دیکھیں،وہ عمران خان کے سپاہیوں سے مناظرہ کرلیں، ، محمودالرشید

تحریک انصاف کے رہنما میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ جیو کے اینکر افتخار احمد اپنا قد دیکھیں، عمران سے مناظرہ کرنا ہے تو میر شکیل الرحمن کریں۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام 'خبرسے آگے' میں میزبان نبیلہ سندھو سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جیوکے اینکر پرسن، عمران خان کے سپاہیوں سے مناظرہ کریں۔

ہم ثابت کریں گے کہ ان کے چینل کی انتخابی کوریج اور کامران خان کے تجزیے کا جھکاؤ واضح طور پر (ن)لیگ کی طرف تھا جبکہ 25فیصد نتائج کی بنیاد پر نوازشریف کی طرف سے فتح کااعلان کردیا گیا۔ نجم سیٹھی نے جس طرح 35پنکچروں والی بات کی، اس کے صلے میں انھیں پی سی بی کا دوبارہ چیئرمین لگادیا گیا۔ جس پر پوری قوم نے تنقیدکی۔ ان میں ذرا بھی غیرت ہوتی تو عہدہ قبول نہ کرتے۔ محمودالرشید نے کہا کہ حامد میر پر حملہ قابل مذمت ہے تاہم جیو نے پاک فوج اور آئی ایس آئی کے سربراہ کی کردارکشی کی۔ اس سے مک دشمنوں کو یہ کہنے کا موقع ملا کہ تمام خرابیوں کی جڑ شاید یہ ادارے ہیں۔ بھلے کچھ جرنیلوں نے ماضی میں مہم جوئی کی مگر فوج نے ہر مشکل وقت میں سنبھالادیا۔ جیو عدالت سے باہر معاملہ حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم ملک کوشدیدنقصان پہنچانے کے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہیئے۔

جیو اپنی بیگناہی ثابت کرے ، اس کے بعد پیمرا اور ملک کی عدالتیں جو فیصلہ دیں، اسے قبول کرے۔ روزنامہ ایکسپریس کے سنیئر ایڈیٹر ایاز خان نے کہاکہ حامد میر پر حملے کے بعد8گھنٹے تک آئی ایس آئی کو بدنام کیا جاتا رہا، آج اکرم شیخ نے مؤقف اختیارکیا کہ ہم نے کچھ کیا ہی نہیں، اگر ایسانہ ہوتا تو بھارتی میڈیا کو یلغارکا موقع نہ ملتا۔ جیو نے آئی ایس آئی چیف پر الزام لگایا تھا تو ایف آئی آر میں اندراج بھی کرادیتے۔ وہ گروپ شاید خود بھی چاہتا ہے کہ وہ بند ہوجائے اور وہ ہیرو بن جائے مگر ہم یہ نہیں چاہتے کہ وہاں کام کرنیوالے لوگ بیروزگار ہوں تاہم یہ سب کچھ کرنے والے مائنڈ سیٹ کا پتہ چلایا جائے۔

انکا کہنا تھا کہ شہبازشریف بجلی پیداکرنے کے منصوبوں کیلئے متحرک ہیں، ادھر وزیراعظم کے مطابق تین چار روزتک ایک ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں آجائے گی، ایسا ہوا تو اچھا ہوگا ورنہ11مئی بڑا گرم دن ہوگا۔ ایازخان نے11مئی 2013کی انتخابی نشریات کے دوران ایکسپریس نیوزکے اس وقت کے اینکرپرسن طلعت حسین کے ساتھ کئے گئے اپنے تبصرے پر جنگ اخبار میں چھپی خبرکی وضاحت کیلئے وہ ٹیپ ناظرین کو دکھائی اور سنائی جبکہ اس روزکا جیو پرکامران خان کا تبصرہ بھی دکھایا گیا۔

پروگرام میں ''تکرار''کے اینکر پرسن عمران خان نے بتایا کہ انتخابی نشریات کے روز مسلم لیگ ن والوں کا شکایتی فون آیا کہ ایکسپریس نیوز نے پی ٹی آئی کو زیادہ کوریج دی۔ نبیلہ سندھو نے آئی ایس آئی کے خلاف مہم پر لاہور،گوجرانوالہ سے شاہد سلیم ، فیصل آباد اور ملتان کے عوام کا غم وغصہ بھی دکھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ، جیو صحافت کیلئے سیاہ دھبہ ہے، اسے بندکیا جائے۔ بجلی کی12سے18 گھنٹے لوڈشیڈنگ پر ہر طبقے کی پریشانی بھی عیاں تھی کہ صنعتی ادارے بند اور ہزاروں مزدور بیروزگار ہو رہے ہیں۔ لوگوں کو دن کو چین ہے نہ رات کو سو سکتے ہیں۔ فیصل آبادکے نمائندے نے بتایا کہ پچھلے برس شہبازشریف لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرے کرتے تھے اور آج حکومت بذریعہ طاقت احتجاج روکنے کی کوشش کررہی ہے۔