آئی پی ایل راجستھان رائلز کی بیٹنگ کو سانپ سونگھ گیا

سن رائزرز حیدرآباد کے بھونیشور نے4وکٹیں لیں، شین واٹسن کی ہیٹ ٹرک رائیگاں


Sports Desk May 09, 2014
آئی پی ایل : سن رائزرز حیدرآباد کے ڈیوڈ وارنر کو سیمسن اسٹمپڈ کررہے ہیں ، راجستھان کو شکست ہوگئی۔ فوٹو: آئی پی ایل

آئی پی ایل میں بھونیشور کمار کی تباہ کن بولنگ سے راجستھان رائلز کی بیٹنگ کو سانپ سونگھ گیا، پیسر نے14 رنز کے عوض4 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم سن رائزرز حیدرآباد کو 32 رنز سے فتح دلادی۔

135 رنز کے تعاقب میں ناکام ٹیم 102پر آئوٹ ہوگئی، 74 بالز کے دوران ایک بائونڈری نہیں لگی، سب سے زیادہ 22 رنز اسٹیون اسمتھ نے بنائے،اس سے قبل حیدرآباد کی ٹیم نے 9 وکٹ پر 134 رنز اسکور کیے، شیکھر دھون 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، شین واٹسن نے ہیٹ ٹرک کی۔ تفصیلات کے مطابق راجستھان رائلز کو پہلے ہی اوور میں اجنکیا راہنے کی صفر پر جدائی برداشت کرنا پڑی، بعد میں بھی وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، اسٹیون اسمتھ نے 22 اور سنجو سیمسن نے 16 رنز اسکور کیے۔

بھونیشور کمار نے نپی تلی بولنگ کی، آخری74 بالز کے دوران کوئی بھی بیٹسمین گیند کو بائونڈری کی راہ نہیں دکھا پایا، دھاول کلکرنی نے آخر میں ایک چوکا جڑا، بھونیشور کمار نے 4 اور ڈیل اسٹین نے 2 وکٹیں لیں۔ اس سے پہلے حیدرآباد نے 9 وکٹ پر 134 رنز بنائے، چوتھے اوور کی آخری گیند پر شین واٹسن نے شیکھر دھون کو 33 رنز پر بولڈ کیا، پھر 17 اوور کی ابتدائی 2بالز پر ہینرکس(9) اور کرن شرما (0) کو آئوٹ کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی، انھوں نے2 اوورز میں 13 رنز دیے، راجت بھاٹیا نے بھی 3وکٹیں لیں تاہم انھوں نے اس کیلیے 23 رنز دیے،بھونیشور کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔