اے ایف سی پریذیڈنٹ کپ کے آر ایل دوسرے میچ میں 30 سے باآسانی سرخرو

یوگیان اکیڈمی کو3 گول سے شکست، بنگلہ دیشی کلب نے سری لنکن ایئرفورس کو ہرادیا


Sports Desk May 10, 2014
یوگیان اکیڈمی کو3 گول سے شکست، بنگلہ دیشی کلب نے سری لنکن ایئرفورس کو ہرادیا. فوٹو: فائل

ISLAMABAD: اے ایف سی پریذیڈنٹ کپ فٹبال میں کے آر ایل نے بھوٹانی یوگیان اکیڈمی کو 3-0 سے آئوٹ کلاس کردیا۔

فاتح ٹیم کی جانب سے یاسر آفریدی، محمد دائود اور محمد قاسم نے بال کو جال کی راہ دکھائی۔ گروپ اے کے دوسرے میچ میں بنگلہ دیشی شیخ رسل ٹیم کے ہاتھوں سری لنکن ایئرفورس کو 5 گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق کولمبو میں جاری اے ایف سی پریذیڈنٹ کپ فٹبال کے گروپ اے کے دوسرے میچ میں پاکستانی کلب خان ریسرچ لیبارٹریزکے فارورڈز نے بھوٹانی یوگیان اکیڈمی ٹیم مکمل طور پر بے بس کیے رکھا، یاسر آفریدی نے کھیل کے پہلے ہی منٹ میں گول داغ کر ایسی دھاک بٹھائی کہ حریف سائیڈ لاکھ کوشش کے باوجود دوبارہ میچ میں واپس نہ آسکی۔ پہلے ہاف کے 14ویں منٹ میںمحمد دائود نے انفرادی کوشش سے بال کو جال میں پہنچا کر کے آرایل کی برتری دگنی کردی۔ بعدازاں پاکستانی کلب سائیڈ نے محتاط انداز اپناتے ہوئے زیادہ تر توجہ دفاع پر مرکوز کرلی۔ پہلے ہاف کا خاتمہ کے آر ایل کی برتری کیساتھ ہوا۔

دوسرے ہاف میں بھی بھوٹانی اکیڈمی کی ٹیم نے میچ میں واپسی کیلیے سر توڑ کوششیں جاری رکھیں لیکن حریف سائیڈ کی بہترین دفاعی حکمت عملی کے باعث گول اسکور نہ کرسکی۔ میچ کے انجری ٹائم کے پہلے ہی منٹ میں کے آرایل کی جانب سے محمد قاسم نے ہیڈر کے ذریعے گول کرتے ہوئے برتری کو 3-0 کردیا۔گروپ اے کے دوسرے میچ میں بنگلہ دیشی کلب شیخ رسل کی ٹیم نے سری لنکن ایئرفورس کو 5 گول سے آئوٹ کلاس کرتے ہوئے 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے، کے آر ایل کے پوائنٹس کی تعداد بھی اتنی ہی ہے لیکن کم گول اوسط کی وجہ سے اس کا دوسرا نمبر ہے، ہفتے کو آرام کے بعد اتوار کو گروپ کے آخری لیگ میچز میں کے آر ایل کا سامنا سری لنکن ایئرفورس سے ہوگا، اسی روزبنگلہ دیشی کلب شیخ رسل اسکواڈ بھوٹانی یوگیان کیخلاف میدان میں اترے گا۔