جامعہ اردو گلشن کیمپس میں پروگرام کا آغاز کر دیا گیا

اصلاحی معاشرہ اسی وقت تشکیل پاسکتاہے جب قانون پر عملدرآمد ہو،شعبے کے آغاز سے طلبا کومہارت حاصل ہوگی،ڈاکٹر ظفر


Staff Reporter May 13, 2014
اصلاحی معاشرہ اسی وقت تشکیل پاسکتاہے جب قانون پر عملدرآمد ہو،شعبے کے آغاز سے طلبا کومہارت حاصل ہوگی،ڈاکٹر ظفر۔فوٹو:فائل

وفاقی اردو یونیورسٹی نے سائنس کیمپس گلشن اقبال میں کلیہ قانون کے تحت ایل ایل بی اور بی اے ایل ایل بی مارننگ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں منعقدہ تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا کہ مکمل اصلاحی معاشرہ اسی وقت تشکیل پاسکتا ہے جب وہاں قانون کے نفاذ کے ساتھ اس پر عمل درآمد بھی ہو، وفاقی جامعہ اردو میں اس سال بی اے ایل ایل بی5سالہ پروفیشنل کورس کا آغاز ہورہا ہے جس کی تکمیل کے بعد طلبا کو اس شعبے سے متعلق زیادہ سے زیادہ علم او ر مہارت حاصل ہوگی، انھوں نے کہا کہ اس شعبے کے لیے جلد ہی علیحدہ عمارت اسکول آف لا کی صورت میں تعمیر کی جائے گی۔

بی اے ایل ایل بی پروگرام میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبا کو مستقبل میں قانون کی مزید تعلیم کے لیے بیرون ملک بھیجنے کا بھی منصوبہ زیر غورہے، پروگرام سے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر فہیم الدین، رئیس کلیہ سائنس ڈاکٹر رعنا خان، ڈاکٹر مسرور احمد، ڈاکٹر سعید احمد اور کاملہ خان نے بھی خطاب کیا، پروفیسر فہیم الدین نے کہا کہ گلشن اقبال کیمپس میں ایل ایل بی کا آغاز خوش آئند ہے۔

ڈاکٹر رعنا خان نے کہا کہ شعبہ قانون میں تدریس کے لیے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ اساتذہ کا تعین کیا گیا ہے، ڈاکٹر مسرور احمد نے کہا کہایل ایل بی5 سالہ پروگرام کی پیشہ ورانہ ڈگری طلبا کے لیے مفید ثابت ہوگی، ڈاکٹر سعید احمد نے کہا کہ موجودہ دور میں قانون کی پیشہ ورانہ تعلیم کی اہمیت میں اضافہ ہوگیا ہے، ڈاکٹر کاملہ خان نے کہا کہ طلبا اگر توجہ اور پابندی سے کلاسیں لیں تو وہ عملی زندگی میں بھی کامیاب ہوسکیں گے۔