رحیم یارخان پولیس نے مزید دو شہریوں کوہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا ہونے سے بچالیا

بھکر کے رہائشی محمد اشرف اور حمید اللہ سستا ٹریکٹر خریدنے کے جھانسے میں آ کر کچا سندھ کی جانب جا رہے تھے


ویب ڈیسک September 14, 2023
عوام سستے ٹریکٹر، گاڑیوں، آسان روز گار اور پر کشش آفرز کے جھانسے میں نہ آئیں، پولیس ( فوٹو: ایکسپریس )

پنجاب پولیس کی ہنی ٹریپ کے ذریعے سادہ لوح شہریوں کو اغوا کرنے والے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری، مزید دو افراد کو اغوا ہونے سے بچالیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس چیک پوسٹ داعوالہ پر اینٹی ہنی ٹریپ سیل نے بھکر کے دو شہری اغوا ہونے سے بچا لیے۔

بھکر کے رہائشی محمد اشرف اور حمید اللہ سستا ٹریکٹر خریدنے کے جھانسے میں آ کر کچا سندھ کی جانب جا رہے تھے کہ پولیس نے روک لیا۔

پچھ گچھ کرنے پر پتا چلا کہ دونوں شہریوں کو فون پر رابطہ کرکے اغوا کرنے کے لیے کچا سندھ بلوایا گیا تھا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈی پی او رضوان عمر گوندل کی قیادت میں اینٹی ہنی ٹریپ سیل پاکستان بھر سے ہنی ٹریپ کیے گئے 214 افراد کو اغوا ہونے سے بچا چکا ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ شہری بغیر جان پہچان اور شناخت کسی کی فون کال یا سوشل میڈیا رابطے پر سندھ کچا یا انجان علاقے میں نہ جائیں اور کسی بھی نامعلوم شخص کی پرکشش پیش کش یا لالچ کے ذریعے غیر علاقے میں بلوانے پر مکمل تصدیق کے لیے مقامی پولیس سے رابطہ کریں۔

ڈی پی او رضوان عمر گوندل کا کہنا تھا کہ عوام سستے ٹریکٹر، گاڑیوں، آسان روز گار اور پر کشش آفرز کے جھانسے میں نہ آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کا ہنی ٹریپ سیل چوبیس گھنٹے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری کر رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق رحیم یار خان پولیس اب تک 214 شہریوں کو ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا ہونے سے بچا چکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں