میتھیو ہیڈن نے بابر اعظم کو چیمپئن بیٹر قرار دیدیا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 15 ستمبر 2023
ابھی تک کے اعداد وشمار میں کوہلی سے آگے دکھائی دیتے ہیں،سابق اسٹار۔ فوٹو: اے ایف پی

ابھی تک کے اعداد وشمار میں کوہلی سے آگے دکھائی دیتے ہیں،سابق اسٹار۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور: سابق آسٹریلوی کرکٹر میتھیو ہیڈن نے بابر اعظم کو چیمپئن بیٹر قرار دے دیا۔

ایشیا کپ سپر 4مرحلے میں بھارت کیخلاف بابر اعظم بڑی اننگز نہیں کھیل پائے، دوسری جانب ویراٹ کوہلی نے جارحانہ سنچری سے ٹیم کی فتح کا سفر آسان بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

سابق آسٹریلوی کرکٹر میتھیو ہیڈن نے اس حوالے سے سوال پر کہا کہ بابر اعظم چیمپئن ہیں، وہ کئی بار اسی طرح کی صورتحال سے نکلنے میں کامیاب ہو چکے،چیمپئنز ایسا ہی کیا کرتے ہیں،اگر اب تک بابر کے کیریئر اعداد وشمار کا تقابلی جائزہ لیں تو وہ ویراٹ کوہلی سے آگے دکھائی دیتے ہیں،اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کا پاکستانی بیٹنگ لائن اپ میں کتنا اہم کردار ہے،بابر اعظم اس لیے امیدوں کا محور نہیں کہ کندھوں پر کپتان کی ذمہ داری ہے بلکہ اپنے ٹیلنٹ کی بدولت بھی وہ بیٹنگ یونٹ کی جان ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی رینکنگ؛ فخر، امام کی تنزلی، بابراعظم کی پہلی پوزیشن برقرار

میتھیو ہیڈن نے کہا کہ ہم سب سمجھتے ہیں پاکستانی بیٹنگ بابر اعظم کی فارم پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے ، بیشتر میچز میں انھوں نے توقعات کا بوجھ اٹھایا بھی ہے،اگر کبھی ان کی کارکردگی عروج پر نہیں ہوتی تو ٹیم پر بھی اثر پڑتا ہے، اچھی بات ہے کہ یہ صورتحال مستقل نہیں ہوتی اور کپتان بھرپور کم بیک کرتے ہوئے اپنے کردار سے انصاف کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ میں بابر اعظم نے نیپال کیخلاف 151رنز کی اننگز کھیلی تھی مگر بنگلہ دیش اور بھارت کیخلاف میچ میں ان کا بیٹ نہیں چل سکا، سری لنکا سے میچ میں بھی وہ بڑی اننگز نہیں کھیل پائے،اس صورتحال میں پاکستان ٹیم کے سابق بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن عالمی نمبر ون بیٹر کے دفاع میں سامنے آگئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔