سرکاری اسپتالوں میں نصب خفیہ کیمروں کو فعال کیا جائے وزیر صحت

اسپتال سے لاپتہ بچی کے معاملے پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ کام کررہے ہیں


Staff Reporter May 15, 2014
شہر کے سرکاری اسپتالوں میں تحفظ کے انتظامات کو موثر بنایا جائے، ڈاکٹر صغیر احمد۔ فوٹو: فائل

صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر صغیر احمد کی سربراہی میں محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران کا اجلاس منعقد ہوا جس میںمنگل کوسول اسپتال کراچی سے لاپتہ ہونے والی بچی کے معاملے پر تفصیلی غورکیا گیا۔

صوبائی وزیر صحت نے احکام جاری کیے کہ بچی کی فوری بازیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے، انھوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی اس قسم کے واقعات کی تحقیقات میں محکمہ صحت نے اپنا مثبت کردار ادا کیا، اس بار بھی محکمہ صحت کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جارہا ہے، انھوں نے اس بات پر زوردیا کہ تمام سرکاری اسپتالوں میں تحفظ کے انتظامات کو موثر بنایا جائے،تمام سی سی سی ٹی وی کیمروں کو فعال کیاجائے تاکہ مستقبل میں ایسے کسی بھی واقعے کا تدارک ممکن ہو۔

انھوں نے کہا کہ واقعے کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا جارہا ہے اور تحقیقات درست سمت میں جاری ہیں، انھوں نے امید ظاہر کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس واقعے میں ملوث عناصر کوجلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے، اجلاس میں سیکریٹری صحت اقبال حسین درانی، منصور رضوی، ڈاکٹر سریش کمار، ڈاکٹر مظہر خمیسانی اور دیگر موجود تھے۔