بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا وفاقی وزیر خزانہ

ٹیکس نیٹ اور وصولیاں بڑھانے کے اقدامات کیے جائیںگے، آئندہ مالی سال کا بجٹ سرمایہ کار دوست ہوگا، اسحاق ڈار


Numainda Express May 17, 2014
ٹیکس نیٹ اور وصولیاں بڑھانے کے اقدامات کیے جائیںگے، آئندہ مالی سال کا بجٹ سرمایہ کار دوست ہوگا، اسحاق ڈار فوٹو: اے ایف پی/ فائل

ISLAMABAD: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائیگا۔

ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس، تاجر و صنعتکار تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس میں تاجروں کی پیش کردہ بجٹ تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔وزیر خزانہ نے تاجروں کو بتایا کہ بجٹ سرمایہ کار دوست ہوگا جس میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائیگا، البتہ ٹیکس نیٹ اوروصولیاں بڑھانے کیلیے اقدامات کیے جائیں گے۔

پولٹری ایسوسی ایشن کی طرف سے بجٹ میں پولٹری انڈسٹری کیلیے پلانٹس و مشینری کی درآمد پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ دینے اور دیہی علاقوں میں پولٹری انڈسٹری کو فروغ دینے کیلیے مراعاتی پیکیج کے مطالبے پر وزیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی کی کہ نہ صرف جائز مسائل حل کیے جائیں گے بلکہ تاجروں کی ان تجاویز کو بجٹ میں شامل کرنے پر غور کیا جائیگا جن سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ وزیر خزانہ نے چیئرمین ایف بی آر کو بھی ہدایت کی وہ پولٹری ایسوسی ایشن سے ملاقات کرکے ان کے جائز مسائل حل کرنے کی کوشش کریں۔