فکسنگ کیس مشکوک کرکٹرز کے چہروں پر’’بارہ‘‘ بج گئے

مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 12کرکٹرز آئی سی سی اینٹی کرپشن کے ریڈار میں آ چکے ہیں،ونسنٹ


Sports Desk May 17, 2014
مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 12کرکٹرز آئی سی سی اینٹی کرپشن کے ریڈار میں آ چکے ہیں،ونسنٹ. فوٹو : فائل

سابق کیوی بیٹسمین لو ونسنٹ کی جانب سے انکشافات نے مشکوک کرکٹرز کے چہروں پر ''بارہ'' بجا دیے۔

مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 12کھلاڑی آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے ریڈار میں آگئے،اسپاٹ فکسنگ میں جرمانوں کے ساتھ کرمنل کیس بھی بنائے جانے کا امکان ہے،انگلش کاؤنٹی کے ایک کھلاڑی اور پاکستان کے سابق انٹرنیشنل پلیئر معلومات چھپانے کے الزام کی زد میں ہیں، کیوی اوپنر نے ناجائز کمائی کی کرپٹ کرکٹرز تک رسائی کیلیے بینکوں کے استعمال کا بھانڈا بھی پھوڑ دیا،مزید شواہد کی کھوج لگا کر ایشین مافیا تک پہنچا جا سکے گا۔ تفصیلات کے مطابق لو ونسنٹ نے آئی سی سی کو معلومات فراہم کرکے پنڈورا باکس کھولا دیا تھا۔

سابق کیوی اسٹارکی جانب سے انکشافات کے بعد مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 12کرکٹرز آئی سی سی اینٹی کرپشن کے ریڈار میں آ چکے ہیں،ان پر میچ فکسنگ میں ملوث ہونے یا پھر معلومات چھپانے کے الزامات کے تحت تحقیقات کا آغاز ہوچکا،قصور وار ثابت ہونے پر جرمانوں کے ساتھ کرمنل کیس بھی بنائے جانے کا امکان ہے،انگلش کاؤنٹی کے ایک کھلاڑی اور سابق انٹرنیشنل پاکستانی پلیئرمعلومات چھپانے کے الزام کی زد میں ہیں،ونسنٹ نے ناجائز کمائی کرپٹ کرکٹرز کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کیلیے بینکوں کے استعمال کا طریقہ کار بھی بتا دیا، رقوم کی ترسیل کا تصویری ریکارڈ مرتب ہونے کی وجہ سے مزید شواہد کی کھوج لگ کر اس ایشین مافیا تک پہنچا جاسکے گا جو بھارت میں بیٹھ کر کروڑوں ڈالر کے کالے دھندے کی باگ ڈور سنبھالتا ہے۔

لوونسنٹ کی فراہم کردہ معلومات سے کرکٹرز کو ایک بار جال میں پھانس لینے کے بعد دباؤ میں لانے اور بلیک میل کرنے کے طریقوں کا بھی انکشاف ہوا، ایک مرتبہ جھانسے میں آنے والے کھلاڑی کو فٹنس اور ٹیم کی حکمت عملی کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر بھی مجبور کیا جاتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اینٹی کرپشن یونٹ کی طرف سے لنکا شائر اور ڈرہم کاؤنٹی کا2008میں کھیلا جانے والا میچ زیر تفتیش ہے،ٹوئنٹی20 کپ نارتھ ڈویژن کے اس مقابلے میں لوونسنٹ شریک تھے، اسے بھارت میں 2 چینلز نے براہ راست نشر کیا تھا،آئی سی ایل کے بعد مختصر مدت کیلیے لنکا شائر کو جوائن کرنے والے سابق کیوی بیٹسمین نے 5گیندوں پر ایک رن بنایا۔

اسی طرح کاؤنٹی کرکٹ کے مزید2 مقابلوں سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں کھیلے جانے والے12میچز شکوک کی زد میں ہیں،چندی گڑھ میں کھیلے گئے3آئی سی ایل میچز کا کھاتہ بھی کھول دیا گیا، لو ونسنٹ نے سسیکس سے میچ میں فکسنگ کیلیے طوائفوں کی پیشکش، پرفیوم اور40ہزار ڈالر وصول کرنے کا بھی انکشاف کیا۔ سابق کیوی بیٹسمین کے مطابق فکسنگ کیلیے پُرکشش چیزیں آفر کرنے کے ساتھ بکیز مرضی کے نتائج حاصل نہ ہونے پر دھمکیاں بھی دیتے ہیں،ایک معروف انٹرنیشنل کرکٹر نے اتفاق سے فکسنگ کا منصوبہ فیل ہونے پر کہا کہ ''تم نے کروڑوں کا نقصان کردیا'' ۔ مجھے اکثر 20گیندوں پر 10سے 15رنز بنانے کاکہا جاتا،آئی سی ایل میں کھلاڑیوں کو کرپشن پر آمادہ کرنے کے بعد فکسنگ کی معلومات وی جی نامی شخص کو دی جاتیں جس کے بدلے میں 20ہزار ڈالر ملتے۔

اگر کوئی گڑبڑ ہوجاتی تو ایک اسٹار کرکٹر کی طرف سے بھی دھمکیاں ملتیں، ایک میچ میں دانستہ اسٹمپڈ ہونے کی کوشش کے دوران اتفاق سے چھکا لگ گیا،جس پر ایک کھلاڑی کا کہنا تھا کہ تم غلط اسٹروک کھیل کر 2لاکھ ڈالر کے مقروض ہوگئے ہو،کمرے میں واپسی پر اس نے بیٹ میرے گلے کے قریب لاکر کہا کہ کیا تم نے کسی اور کیلیے فکسنگ شروع کردی ہے۔ لوونسنٹ نے بتایاکہ اعتماد کی بحالی کیلیے اس نے مجھے انگلش کاؤنٹی میچز میں فکسنگ کیلیے راضی کرلیا۔

اس کا کہنا تھا کہ انتہائی کم اسکور کرو تاکہ غلطی کی گنجائش ہی نہ رہے، اس کے بدلے میں کوئی رقم حاصل نہ ہوئی لیکن اعتماد ضرور بحال ہوگیا۔سابق بیٹسمین کے مطابق ایک ساتھی کاونٹی کرکٹر نے اگست2011 میں برمنگھم کے ایک ہوٹل میں ایک پاکستانی بکی سے بھی متعارف کرایا جس کا کہنا تھا کہ کئی پلیئرز پہلے ہی میرے ساتھ کام کررہے ہیں، اگر تم بھی مال بنانا چاہتے ہو تو ایسیکس کی شکست میں کردار ادا کرو، میں نے اس سے کہا کہ دہرا مال کمانے کیلیے حریف ٹیم کے کھلاڑی سے رابطہ کرلو لیکن اس کی یہ کوشش کامیاب نہ ہوسکی۔