پشاور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج پر چھاپا لاکھوں روپے اور دستاویزات برآمد
20 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے اور حوالہ ہنڈی کی رسیدیں و شواہد برآمد، ملزمان حکام کو مطمئن نہیں کر سکے، تفتیش جاری
غیر قانونی کرنسی ایکسچینج پر چھاپا مار کارروائی میں لاکھوں روپے اور دستاویزات برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل پشاور نے ڈپٹی ڈائریکٹر رضوان شاہ کی ہدایت پر ایک بڑی کارروائی کی، جس میں کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ملزمان حضرت بلال اور وقاص بغیر لائسنس کے منی چینجر کا کاروبار کررہے تھے۔ پشاور صدر سے گرفتار کیے گئے ملزمان سے 20 لاکھ 40 ہزار پاکستانی روپے اور حوالہ ہنڈی سے متعلق رسیدیں و شواہد برآمد ہوئے جب کہ ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کر سکے۔
ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔