ضلعی انتظامیہ نے98گراں فروشوں کا چالان کر کے2دکاندار جیل بھیج دیے

شہرمیں کارروائی کے دوران گراں فروشوں پر3لاکھ70ہزارروپے کاجرمانہ عائد،نیلامی کاوقت بدلنے سے سبزیوں کی قیمت نیچے آگئی


Staff Reporter May 18, 2014
گراں فروشوں اور منافع خوروں کو عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے، سخت کارروائی جاری رہے گی ،کمشنر کراچی فوٹو:فائل

کراچی ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ نے ناجائز منافع خوری اورملاوٹ کے خلاف شہر بھر میں کارروائی کرتے ہوئے دوودھ ،آٹا ،سبزی ،دالیں ،گوشت ، پھلوں ، مرغی اور دیگر اشیائے خورونوش سرکاری نر خنامے سے زائد پر فروخت کرنے پر98 دکانداروں کا چالان کرکے 3 لاکھ 70 ہزار100روپے جرمانہ عائدکیا ہے۔

یہ بات کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہی، کمشنر نے کہا کہ جن علاقوں میں گراں فروشوں کے خلاف اقدامات کیے گئے ان میںصدر، سول لائن، گارڈن، فیروزآباد، گلشن اقبال، اورنگی، لیاقت آباد، گلبرک، نارتھ ناظم آباد، شاہ فیصل، کو رنگی اور لانڈھی کے علاقے شامل ہیں، انھوں نے بتایا کہ شہر بھر میں اسسٹنٹ کمشنروں کی جانب سے گراں فروشوں کے خلاف جاری کارروائی میں 59دودھ فروش، 8 پھل فروش، ایک سبزی فروش، 7 اشیائے خورونوش بیچنے والے، ایک گوشت فروش اور22 مرغی فروشوں کے خلاف چالان کیے گئے ہیں مسلسل خلاف ورزی کرنے والے 2 گراں فروشوں کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ گراں فروشوں اور منافع خوروں کو عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت ہر گز نہیں دی جا سکتی، گراں فروشوں، ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کی کارروائی اس وقت تک جا ری رہے گی جب تک کہ یہ ضمیر فروش اپنی روش ترک نہ کردیں اور عوام کو سرکا ری نرخ کے مطابق اشیائے خورونوش کی فروخت کو یقینی نہیں بنالیتے، کمشنر نے کہا کہ سبزیوں کی مصنوعی قلت اور گراں فروشی کو روکنے کے سلسلے میں سبزی منڈی اور پھل منڈی میں علی الصباح نیلامی کے وقت انتظامی افسران کی مستقل ڈیوٹی لگادی گئی ہے جس کے نتیجے میں سبزیوں کی قیمتیں بتدریج نیچے آرہی ہیں اور یہ عمل مسلسل جا ری رہے گا تاکہ حکومت کی ہدایت پر عوام کو زیا دہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔