مضاربہ کیس میں ملوث 7 ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم

ملزمان کو گرفتار کرکے31مئی کو عدالت میں پیش کیا جائے، عدالت کی ہدایت


Staff Reporter May 19, 2014
مضاربہ کیس کے مدعی عدالت میں افسردہ کھڑے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ISLAMABAD: عدالت نے مضاربہ کیس میں ملوث 7ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا،تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ غربی سہیل احمد مشوری نے حنیف سما ایڈووکیٹ کے انکشاف پر مضاربہ کیس میں ملوث ملزمان بہاالدین ، اشفاق کنگن ، ساجد محمود ، شمس اﷲ ، اسد اﷲ ،مرتضیٰ اور تیمور کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

مقدمے کے تفتیشی افسر اور ایس ایچ او سائٹ کو مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے31مئی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے، قبل ازیں وکیل استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ ملزمان ضمانت کے بعد فرار ہوگئے ہیں اور عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور نہ ہی ان کے وکلا کی جانب سے عدالت کو اطلاع دی گئی ہے، ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے اور ان کی گرفتاری کی استدعا کی تھی، فاضل عدالت نے وکیل استغاثہ کی استدعا منظور کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے، عدالت نے وکیل استغاثہ کی درخواست پر ملزمان کی جانب سے بریت کی درخواستوں کی بھی نقول فراہم کرنے کا حکم دیا۔

استغاثہ کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ سائٹ اے میں مدعی خیر محمد نے مقدمہ درج کرایا تھا کہ مرکزی ملزم شفیق الرحمن اس کے بھائی انعام الرحمن سمیت مذکورہ ملزمان نے مضاربہ کاروبار کی مد میں ڈبل منافع کا جھانسہ دیکر43کروڑ ،71لاکھ سے زائد کی رقم وصول اور منافع دیا اور نہ ہی رقم واپس کی بلکہ بوگس چیک دیا جو کہ بائونس ہوگیا تھا، ملزمان کے خلاف سیف اﷲ سمیت درجنوں شہریوں سے اربوں روپے مضاربہ کاروبار کی مد میں حاصل کرنے اور رقم لیکر فررا ہونے کا الزام ہے،ملزمان کے خلاف نیب میں بھی ریفرنس بھیج دیے گئے ہیں، فاضل عدالت میں14سے زائد مقدمات زیر سماعت ہیں، مرکزی دونوں ملزمان جیل میں ہیں۔