دکاندار سے رقم وصول کرنیوالا بھتہ خور رنگے ہاتھوں گرفتار 19 موبائل فون برآمد

ناظم آباد چورنگی کے قریب اردوبازارکے دکاندارسے بھتہ لینے والادانش ربانی پکڑاگیا


Staff Reporter May 22, 2014
بھتہ خور دانش پولیس کی حراست میں۔ فوٹو: فائل

سی پی ایل سی اور رضویہ پولیس نے اردو بازار کے دکاندار سے بھتہ طلب کرنے والے بھتہ خور کو گرفتار کرکے سم،19موبائل فون، 35ہزار اور ایک پستول برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سی پی ایل سی اور رضویہ پولیس نے مشترکہ کارروائی میں ناظم آباد چورنگی کے قریب سے بھتہ خور دانش ربانی کو گرفتار کرلیا، ایس ایچ او رضویہ مظہر اقبال نے بتایا کہ پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے19موبائل فون ، بھتے کے لیے استعمال کی جانے والے سم، بھتے کی طلب شدہ رقم35 ہزار اور ایک پستول برآمد کیا ہے،گرفتار ملزم ناظم آباد اردو بازار میں کتابوں کی دکان پر ملازمت کرتا ہے ملزم نے چند روز قبل اپنی پڑوس کی دکان مہران بک سینٹر کے مالک حافظ منصور احمد کی بند دکان میں ایک لفافہ ڈالا تھا۔

ملزم نے3 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا جبکہ لفافے میں پستول کی ایک گولی بھی رکھی تھی، ملزم نے دکان کے مالک کو بھتہ نہ دینے یا پولیس کو رپورٹ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں، دکان کے مالک حافظ منصور احمد نے سی پی ایل سی میں رپورٹ درج کرائی تھی سی پی ایل سی کے عملے نے ملزم کے موبائل فون کے ذریعے اس کی اردو بازار میں موجودگی پر پولیس کے ہمراہ کارروائی کی جس پر ملزم گرفتار ہوگیا، ملزم نے گرفتاری سے ایک گھنٹے قبل مدعی سے بھتے کی پہلی قسط 35 ہزار روپے وصول کی تھی۔

گرفتار ملزم کا اس سے قبل جرائم کا کوئی ریکارڈ کسی تھانے میں موجود نہیں تھا، ملزم نے بتایا کہ اس نے غربت سے تنگ آکر پیسہ کمانے کے اس راستے کو آسان سمجھا،پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے،سی پی ایل سی کے سربراہ احمد چنائے کے مطابق دکاندار حافظ منصور احمد نے رپورٹ درج کروائی کہ نامعلوم شخص موبائل فون پر 3 لاکھ روپے بھتہ مانگ رہا ہے جس پر سی پی ایل سی نے موبائل فون کو ٹریس کرکے رضویہ پولیس کے ہمراہ چھاپہ مار کر ملزم دانش ربانی کو گرفتار کیا۔