تاج حیدر نے ٹیکنوکریٹ کی نشست پرکاغذات نامزدگی جمع کرادیے

تاج حیدر نے ٹیکنوکریٹ کی نشست پرکاغذات نامزدگی جمع کرادیے


Staff Reporter May 22, 2014
سینیٹ کی نشست کے امیدوار تاج حیدر الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے آرہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے سیکریٹری جنرل تاج حیدر نے سندھ میں ٹیکنوکریٹ کی خالی نشست پرکاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

انھوں نے کاغذات نامزدگی بدھ کو صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر میں جمع کرائے، اس موقع پر مشیر خزانہ سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر ڈاکٹر سکندر میندھرو بھی موجود تھے، ٹیکنو کریٹ کی نشست پر کاغذات نامزدگی آج(جمعرات)کو بھی جمع ہوں گے، سینیٹ کی یہ نشست ڈاکٹر حفیظ شیخ کے استعفیٰ کے باعث خالی ہوئی ہے، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد تاج حیدر نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات نہیں بلکہ دوٹوک کارروائی کی پالیسی اختیارکی جائے۔

وفاقی حکومت اس حوالے سے اپنی سمت کا تعین کرے، پاکستان کا آئین مکمل طور پر خودمختار اور اسلامی ہے جو لوگ آئین کو نہیں مانتے ان سے مذکرات کس طرح ہوسکتے ہیں، پیپلزپارٹی نے کبھی طاقت کے بل بوتے پر اپنی اہمیت تسلیم کرانے والوں کو قبول نہیں کیا، انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ایس آراوز پر چل رہی ہے، حکومت نے اشرافیہ کو خوش کرنے کیلیے452ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ دی، بجٹ میں صوبوں کے حصے میں کٹوتی کے باعث سندھ میں بجٹ کی تیاری میں مشکلات کا سامنا ہے، عوامی بجٹ کی تیاری کا انحصار وفاق کی جانب سے ملنے والے شیئرز کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔

تاہم ہماری کوشش ہے کہ سندھ کے بجٹ میں عوام کو زیادہ ریلیف مل سکے، مشیر خزانہ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں بجٹ کی تاریخ پیش کرنے کا اب تک تعین نہیں کیا گیا ہے، وفاق کی جانب سے صوبوں کے شیئرز میں200ارب روپے کی کٹوتی کی گئی ہے، وفاق سے سندھ کو مطلوبہ شیئرز اب تک جاری نہیں ہوئے ہیں، سندھ کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس لگانے کی تجویز زیر غور نہیں، بجٹ کی تاریخ کا اعلان وزیر اعلیٰ سندھ سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا، صوبائی انرجی بورڈ کو آئین کے مطابق خودمختار بنایا جائے گا۔