ایشین ڈویژن تھری رگبی ٹرافی پاکستانی کوچ کو ٹیم سے شاندار کھیل کی امید

ہوم گراؤنڈ پرٹائٹل کیلیے بھارت اور لبنان سے سخت مزاحمت کا سامنا ہوگا،روجر


Sports Desk May 22, 2014
ہوم گراؤنڈ پرٹائٹل کیلیے بھارت اور لبنان سے سخت مزاحمت کا سامنا ہوگا،روجر فوٹو: فائل

پاکستان رگبی ٹیم کے کوچ روجرکومبس نے ایشین ویسٹ ڈویژن تھری رگبی ٹرافی میں کھلاڑیوں سے شاندارکارکردگی کی امیدیں لگالیں، ''ایکسپریس ٹریبیون'' سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہوم گرائونڈپر آئندہ ماہ شیڈول ایونٹ کا ٹائٹل جیتنے کے لیے لبنان اور بھارت کی سخت مزاحمت درپیش ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے ، ہمیں 5 ایسے کھلاڑیوں کی خدمات بھی حاصل ہیں جو انگلینڈ میں رگبی کھیلتے ہیں، ان کی شمولیت سے ٹیم کو ضرور فائدہ ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ایونٹ کی تیاریوں کے لیے کھلاڑیوں کی ٹریننگ جاری ہے جہاں پر پلیئرز کو صبح اور شام کے الگ الگ سیشنز میں سخت محنت کرائی جارہی ہے، کھلاڑیوں میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ وہ شاندار کارکردگی سے عوام کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا سکیں۔

انھوں نے کہا کہ کیمپ کے دوران پریکٹس میچز کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے جس سے کھلاڑیوں کی فٹنس کو جانچنے میں بھی مدد ملتی ہے اب تک کیمپ میں شریک تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے لیے حتمی اسکواڈ کا اعلان آئندہ دو ہفتوں میںکردیں گے۔ قومی رگبی کوچ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ تمام غیرملکی ٹیموں نے 5 ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کی حامی بھر لی ہے، یاد رہے کہ لاہور میں 19 جون سے شیڈول ایشین ویسٹ ڈویژن تھری ٹورنامنٹ سیمی فائنل میں پاکستان کا سامنا لبنان سے ہوگا، جبکہ بھارتی ٹیم ازبکستان کیخلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔