ورلڈ کپ افتتاحی میچ کے میزبان اسٹیڈیم کی تعمیر تاخیر کا شکار

کورنتھیانزارینا میں دوسرا آزمائشی ایونٹ اب شیڈول سے3 دن بعد یکم جون کوہوگا، فیفا


Sports Desk/AFP May 23, 2014
کورنتھیانزارینا میں دوسرا آزمائشی ایونٹ اب شیڈول سے3 دن بعد یکم جون کوہوگا، فیفا۔ فوٹو: فائل

ورلڈ کپ افتتاحی میچ کے میزبان اسٹیڈیم کی تعمیر تاخیر کا شکار ہوگئی، فیفا کے مطابق دوسرا آزمائشی ایونٹ اب شیڈول سے3 دن بعد یکم جون کو ہوگا، ابھی تک نامکمل اسٹیڈیم کو بجٹ خسارے اور 3 ورکرز کی حادثاتی اموات جیسے واقعات کا سامنا رہا ہے۔

ساؤپاؤلو کے کورنتھیانز ارینا میں اتوار کو ایک برازیلین لیگ میچ کے دوران مشکلات کی وجہ سے نئے ڈریس ریہرسل کی ضرورت محسوس ہوئی، فیفا سیکریٹری جنرل جیروم والکے نے ٹویٹر پر تحریر کیا کہ ہمارے لیے ضروری ہے کہ مکمل میچ کنڈیشنز کے تحت تمام سہولیات بشمول عارضی نشستوں اور ملتی جلتی سہولیات کا جائزہ لیا جائے ۔ برازیلین فٹبال کنفیڈریشن کا کہنا ہے کہ ہوم ٹیم کورنتھیانز اور کروزیرو کے درمیان پہلے سے اعلان کردہ29 مئی کے میچ کی جگہ اب اسٹیڈیم پر کورنتھیانز اور بوٹافوگو کا مقابلہ یکم جون کو ہوگا۔

فیفا نے ایک بیان میں کہاکہ نئے ایونٹ میں 50 ہزار سے زائد شائقین اور2 اضافی سیٹنگ ایریاز کی ضرورت ہے، یہ یکم جون کے میچ کیلیے ابھی تک تیار نہیں اور اس کی وجہ فائر فائٹرز کی جانب سے سیفٹی کلیرنس نہ ملنا ہے۔ تقریباً 36 ہزار شائقین اتوار کا میچ دیکھنے آئے تھے جو ورلڈ کپ گیمز میں آنے والے اوسط68ہزار مداحوں کی تعداد سے بہت کم ہے۔ آرگنائزرز ابھی تک ورلڈ کپ کی تعارفی تقریب اور برازیل وکروشیا کے درمیان افتتاحی گیم کیلیے اسٹیڈیم کو وقت پر تیار کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔ اسٹیڈیم کو 31 دسمبر کی اصل ڈیڈلائن گزرنے کے کافی عرصے بعد گذشتہ روز فیفا کے حوالے کیا گیا، باقی 11 ورلڈ کپ اسٹیڈیمز کو رواں ہفتے کے آخرمیں حوالے کرنا ہے،کیوریٹیبا، کوئیبا اور پورٹو الیگرے اسٹیڈیمز پر تاحال تعمیراتی کام مکمل نہیں ہوا۔