فلور ملوں نے آٹے کی قیمت ایک روپے فی کلو کم کردی

آٹے کی قیمت ساڑھے38 روپے فی کلو مقرر،10کلوکاتھیلا 385 روپے میں دستیاب ہوگا


Staff Reporter May 23, 2014
کمشنر کراچی کی در خواست پرفلورملوں نے آٹے کی قیمت کم کی ہے،سیکریٹری فلورملز فوٹو: فائل

کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی درخواست پر فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمت میں ایک روپے کمی کا اعلان کیا ہے۔

کمشنر کراچی نے فلور ملز ایسو سی ایشن کے اس فیصلے کا خیر مقدم کر تے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وقت کے ساتھ ساتھ فلو رملز ایسوسی ایشن اسی طرح کے عوامی فیصلے جا ری رکھے گی، سیکریٹری پا کستان فلور ملز ایسوسی ایشن (ساؤ تھ زون ) سندھ نے کہا کہ کمشنر کراچی کی کاوشوں کے نتیجے میں امید ہے کہ محکمہ خوراک حکومت سندھ عوام کے بہتر مفاد میں دفعہ 144کا خاتمہ کردے گی ۔

لہٰذا کمشنر کراچی کی در خواست پر 21 مئی سے فلو ر ملز مالکان نے آٹے کی قیمت میں ایک روپیہ فی کلو کمی کردی ہے اور اب 10 کلو آٹے کا تھیلا تمام فلو رملز کی فیئر پرائس شاپ پر385 روپے میں دستیاب ہو گا،کمشنر کراچی نے اس موقع پر کہا کہ حکو مت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلیے کوشا ں ہے اور انتظامیہ کی جانب سے آٹے کی قیمت میں کمی کی کاوشیں بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے، انتظامیہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں پر عمل کے لیے کوشاں ہے اس سلسلے میں باہمی تعاون مفید مثبت عمل ہے، شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ حکو مت کی ہدایت پر شہریوں کے مفاد میں مختلف اشیا کی قیمتوں کو مزید کم کرایا جائے گا۔