قائمی کمیٹی کی ملک بھرمیں تعلیم کے بجٹ کو دگنا کرنے اورایمرجنسی لگانے کی تجویز

ملک حالت جنگ میں ہے، تعلیمی بجٹ دگنا کیا جائے،چیئرمین عبدالنبی بنگش


Numainda Express May 23, 2014
ملک حالت جنگ میں ہے، تعلیمی بجٹ دگنا کیا جائے،چیئرمین عبدالنبی بنگش۔ فوٹو: فائل

KARACHI: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم وتربیت نے ملک بھرمیں تعلیم کے بجٹ کو دگنا کرنے اورایمرجنسی لگانے کی تجویز دی ہے۔

کمیٹی کااجلاس عبد النبی بنگش کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں افراسیاب خٹک، چوہدری جعفراقبال، حاجی علی خان، نجمہ حمید، وزیر مملکت بلیغ الرحمان اوردیگر نے شرکت کی۔ چیئرمین کمیٹی عبدالنبی بنگش نے ہدایت دی کہ بین المذہب کمیٹی میں اقلتیوں کو بھی نمائندگی دی جائے، ملک حالت جنگ میں ہے اعلیٰ تعلیم یافتہ طبقہ میدان میں نکلے۔ وزیرمملکت تعلیم بلیغ الرحمن نے کہا کہ دنیاوی تعلیم مدارس میں لازمی قراردینی چاہیے۔کمیٹی نے متفقہ طور پرسفارش کی کہ تعلیمی بجٹ میں دگنا اضافہ کیاجائے کمیٹی نے این ٹی ایس کے ٹیسٹ کے حوالے سے عدالتی فیصلے کوبہانہ بناکردوہری پالیسی پر تحفظات کا اظہارکیا اورفاٹاکے طلباء کے کوٹے کے بارے میں بریفنگ پیپر فراہم نہ کرنے بھی برہمی کااظہارکیا۔

اجلاس میں فیڈرل بورڈاسلام آبادکے بیرون ملک طلبا کی فیسوں اورتصدیقی سرٹیفکیٹ کی فیسوں میں اضافے پرتشویش کا اظہارکیاگیا اوراراکین نے گلگت بلتستان کیلیے پرائیوٹ ترمیم بل لانے کافیصلہ کیا گیاادھرنمائندگان ایکسپریس کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی تحفظ وخوراک اورتحقیق کااجلاس چیئرمین کمیٹی سیدمظفرشاہ کی زیرصدارت ہواکمیٹی کو بتایا گیاکہ کسانوں اورزرعی شعبہ کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلیے آئندہ بجٹ کیلیے متعدد تجاویزمرتب کی گئی ہیں۔ چیئرمین نے حکومت سے سفارش کی کہ سندھ کے کسانوں کوریلیف دیاجائے اور کھوکھراپاربارڈرکوبھی تجارتی مقاصدکے لیے کھول دیا جائے۔

سکندرحیات بوسن نے بتایا کہ ملک میں مہنگائی زیادہ ہے'رواں سال کپاس کی فصل کی کاشت کاٹارگٹ حاصل ہوتا نظرنہیں آتا'سیکرٹری نے بتایاکہ یورپی یونین نے بھارت سے آم کی درآمدپرپابندی لگادی اور پاکستان کویلوکارڈ دکھایاہے کہ معیاربہتربنایاجائے ورنہ پاکستان پربھی پابندی لگ سکتی ہے کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں نیشنل ٹیرف کمیشن کوبھی طلب کرلیا۔چیئرمین کمیٹی سید مظفر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت فوڈ سیکورٹی پالیسی کا جائزہ لے اورعملی اقداما ت کرے۔رکن کمیٹی سیدہ صغریٰ امام نے کہاکہ بھارت سے تجارت کے لیے منفی اورمثبت فہرست مرتب کی گئی تھی۔

اُس میں تمام سٹیک ہولڈرز کو شامل نہیں کیاگیاتھا ۔قائمہ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں رپورٹ طلب کرلی ۔ادھرقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد، ضوابط واستحقاقات کااجلاس چوہدری اسدالرحمن کی زیرصدارت ہواکمیٹی نے وفاقی سیکرٹری پٹرولیم کوہدایت کی کہ وہ رکن اسمبلی میاں امتیازکی کاٹن فیکٹری پرگیس چوری کے الزام لگانے والے ملازم کوفوری معطل کر کے اس کیخلاف سخت ایکشن لے ۔