سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض کو چیف سلیکٹر مقرر کردیا گیا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 17 نومبر 2023
(فوٹو: پی سی بی)

(فوٹو: پی سی بی)

 لاہور: سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض کو قومی مینز سلیکشن کمیٹی کا چیف سلیکٹر اور سہیل تنویر  کو جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا گیا۔

وہاب ریاض کا پہلا اسائنمنٹ 14 دسمبر سے 7 جنوری تک آسٹریلیا میں ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اور نیوزی لینڈ میں 12 سے 21 جنوری تک ہونے والی پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا انتخاب ہوگا۔

سال 2008 میں اپنے انٹرنیشنل کریئر کا آغاز کرنے والے فاسٹ بولر نے 27 ٹیسٹ، 91 ون ڈے  میچوں اور 36 ٹی20 انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر237 وکٹیں حاصل کیں اور1200 رنز بنائے۔ وہ تین عالمی کپ کھیل کر ان مقابلوں میں 35 وکٹوں کے ساتھ پاکستان کے دوسرے سب سے کامیاب بولر رہے۔

مزید پڑھیں: یونس، حفیظ اور وہاب سلیکشن کمیٹی کیلئے مضبوط امیدوار

سابق فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اس ذمے داری کے لیے ان پر اعتماد کیا۔

مزید پڑھیں: وہاب ریاض کو ’’چیف سلیکٹر‘‘ بننے کیلئے کلیئرنس مل گئی

سابق فاسٹ  بولر  کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے معاملات میں سابق کرکٹرز کو شامل کرنے کا فیصلہ قابل تعریف ہے اور وہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنے کے خواہاں ہیں، ۔یہ ایک چیلنج ہے۔

مزید پڑھیں: حفیظ مینجمنٹ میں بھی آل راؤنڈر، ٹیم ڈائریکٹر کے ساتھ کوچ کی نشست پر براجمان

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کا دورہ انتہائی اہمیت کاحامل ہے جہاں پاکستان کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔ اسی طرح نیوزی لینڈ کے دورے سے ہمیں آئندہ سال جون میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ایک متوازن ٹیم تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔