9 مئی سمیت دیگر مقدمات میں شیخ رشید کی عبوری ضمانت میں توسیع
چلّے سے 3 دن پہلے مجھ پر کوئی مقدمہ نہیں تھا، 68 کیسز اب تک میدان میں آ چکے ہیں،باقی اللہ بہت بڑا ہے، سابق وزیرداخلہ
9 مئی سمیت دیگر مقدمات میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی عبوری ضمانت میں توسیع ہو گئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض 18 نومبر تک ضمانت منظور کی تھی۔ سماعت کے موقع پر شیخ رشید اپنے وکیل سردار عبدالرزاق ایڈووکیٹ کے ہمراہ جج ملک اعجاز آصف کے روبرو عدالت میں پیش ہوئے۔
ضمانت کے بعد شیخ رشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج 23 کیسز کی سماعت ہوئی، جن میں جی ایچ کیو حملہ، حساس ادارے پر حملہ، آرمی ادارے پر حملہ سمیت سانحہ 9 مئی کے تمام کیسز شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چلّے سے پہلے کوئی کیس نہیں تھا، چلّے کے بعد کیسز پر کیسز بن گئے۔ آج 23 مقدمات میں سرکار نے مزید تیاری کی استدعا کی ہے،سرکار کا اصرار تھا کہ ایک ہفتہ مزید دیا جائے۔ ضمانتوں میں 25 نومبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔25 نومبر کو صبح یہاں اور دوپہر میں اسلام آباد میں ٹرائل ہو گا۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے تمام ضمنی مقدمات کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ ہفتے بھر میں ساری دنیامیں پتا چل جائے گا کہ ہمارے خلاف کتنے مقدمات درج ہیں۔ چلّے سے 3 دن پہلے مجھ پر ایک بھی مقدمہ نہیں تھا۔ 68 کیسز اب تک میدان میں آ چکے ہیں،باقی اللہ بہت بڑا ہے۔