اسنوکر پلیئرز کے انعامات وزیراعظم نے پی ایس بی سے رائے طلب کرلی

وزیر اعظم کی جانب سے خط کی نقل پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ کو بھی ارسال کی گئی


Sports Reporter May 24, 2014
وزیر اعظم کی جانب سے خط کی نقل پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ کو بھی ارسال کی گئی. فوٹو: فائل

وزیر اعظم میاں نواز شریف نے سابق عالمی اسنوکر چیمپئن محمد آصف اور قومی کھلاڑی محمد سجاد کو عالمی اعزازات جیتنے پر اسپورٹس پالیسی کے مطابق 2 کروڑ 80 لاکھ روپے انعام دینے کی درخواست پر پی ایس بی سے رائے طلب کرلی۔

وزیر اعظم کی جانب سے اس ضمن میں جاری شدہ خط کی نقل پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ کو بھی ارسال کی گئی ہے، مزید برآں ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کی استدعا بھی منظور کرلی گئی ، وزیر اعظم سیکریٹریٹ کی جانب سے اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے، عالمگیر شیخ نے قومی اسنوکر کھلاڑیوں کے معاملے میں گہری دلچسپی لینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آئندہ چند یوم میں ان سے ملاقات کا امکان ظاہر کیا، ان کے ہمراہ سابق عالمی چیمپئن محمد آصف اور عالمی ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے والے محمد سجاد کی شرکت بھی متوقع ہے ۔

عالمگیر شیخ نے 11اپریل کو وزیر اعظم کے نام درخواست میں اپیل کی تھی کہ وفاقی وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ اور پی ایس بی حکام کے مسلسل وعدوں اور یقین دہانیوں کے باوجود گذشتہ 16ماہ سے سابق عالمی چیمپئن محمد آصف اور محمد سجاد اپنے قانونی حق سے محروم ہیں، چنانچہ وہ ذاتی دلچسپی لے کر ان کھلاڑیوں کو قومی اسپورٹس پالیسی کے تحت واجب الادا 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کی انعامی رقم جاری کرنے کا حکم دیں۔ عالمگیر شیخ نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے درخواست پر کارروائی کا حکم اور ملاقات کی استدعا قبول کرنا ان کی کھیلوں خاص طور پر اسنوکر میں گہری دلچسپی ظاہر کرتا ہے، اس کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے،پاکستان عالمی اسنوکر میں مزید قابل قدر کارنامے انجام دے سکتاہے۔

دوسری جانب سابق عالمی اسنوکر چیمپئن محمد آصف نے رابطے پر کہا کہ میں نے طویل عرصہ گزرنے کے با وجود امیدکا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا تھا ، اللہ نے چاہا تو اپنا حق حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائوں گا۔ واضح رہے کہ محمد آصف نے نومبر 2012 میں بلغاریہ کے شہر صوفیہ میں ہونے والی آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت کر چیمپئن ہونے کاا عزاز حاصل کیا،یوں گولڈ میڈل کے حصول پر وہ قومی اسپورٹس پالیسی کے تحت 1کروڑ روپے انعام کے دعویدار بنے تھے، ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ محمد آصف نے مئی 2013 میںقطر کے شہر دوحا میں ہونے والی پہلی ایشین ٹیم ایونٹ اور دوسری6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت کر مزید 50 لاکھ روپے انعام کا حق حاصل کیا۔

بعد ازاں محمد آصف نے 29 ستمبر تا 6 اکتوبر آئر لینڈ کے شہر کارلیو میں ہونے والی عالمی ٹیم چیمپئن شپ میں محمد سجاد کی شراکت میں ورلڈ ٹیم ایونٹ بھی پاکستان کو دلایا، اس طرح دونوں قومی کیوئسٹ فی کس 50 لاکھ روپے انعام کے بھی حقدار ٹہرے، محمد سجاد نے گذشتہ برس27 نومبرسے8 دسمبر تک لاٹویا کے شہر ڈائوگاپلس میں ہونے والی آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کا سیمی فائنل کھیل کر برانز میڈل جیتا،وہ قومی اسپورٹس پالیسی کے تحت 30 لاکھ روپے انعام کے حقدار قرار پائے تھے۔