ڈیسلڈورف مینز ٹینس فلپ کوہل شریبر نے میدان مارلیا

جرمن اسٹار نے فائنل میں کروشیا کے ایوا کارلووک کو 6-2،7-6 سے پچھاڑ کر کیریئر کا پانچواں ٹائٹل جیتا۔


Sports Desk May 25, 2014
فلپ کوہل شریبر نے اپنے حریف کو ہرا کر کیریئر کا پانچواں ٹائٹل جیتا۔۔ فوٹو: فائل

ڈیسلڈورف مینز ٹینس میں جرمن اسٹار فلپ کوہل شریبر نے میدان مارلیا، انھوں نے فائنل میں کروشیا کے ایوا کارلووک کو 6-2،7-6(7/4) سے پچھاڑ کر کیریئر کا پانچواں ٹائٹل جیتا۔

تفصیلات کے مطابق ڈیسلڈورف مینز ٹینس کے فائنل میں 30 سالہ جرمن ٹاپ سیڈ کوہل شریبر نے 35 برس کے کروشین حریف ایوا کارلووک پر 6-2 اور7-6(7/4) سے غلبہ پایا، یہ ان کے کیریئر کا پانچواں اور جرمنی میں جیتا گیا چوتھا ٹائٹل رہا، عالمی درجہ بندی میں 29ویں پوزیشن پر براجمان شریبر نے طویل قامت حریف پر قابو پانے میں 72 منٹ صرف کیے، شریبر اس سے قبل میونخ میں 2007 اور2012 میں جبکہ ہیل اے ٹی پی میں 2011 میں بھی ٹائٹلز جیت چکے ہیں، اس طرح یہ جرمن سرزمین پر ان کی چوتھی ٹائٹل کامیابی رہی۔

کامیابی پر خوشی سے سرشار شریبر نے کہا کہ اس فتح کی بدولت نہ صرف مجھے اے ٹی پی پوائنٹس ملیں گے بلکہ فرنچ اوپن میں جانے سے قبل میرا اعتماد بھی بڑھ گیا ہے، میں بہت اچھا محسوس کررہا ہوں، رولینڈ گیروس میں 28 سیڈنگ پانے والے شریبر اپنی مہم کا آغاز منگل کو اسپین کے پیری ریبا کیخلاف میچ سے کریں گے، ادھرنیس مینز ٹینس میں سیکنڈ سیڈ ارنسٹ گلبز نے ٹائٹل ہتھیالیا، انھوں نے فائنل میں ارجنٹائن کے 7 سیڈ فیڈریکو ڈیلبونیز کو 6-1 اور7-6 سے قابو کرلیا۔دوسری جانب اسٹراسبرگ ویمنز ٹینس کے فائنل میں پیورٹو ریکو کی مونیکا پوئگ نے اسپینش حریف سلویا سولر ایسپونسا کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-4 اور6-3 سے ٹھکانے لگادیا۔