شان مسعود کو سینٹرل کنٹریکٹ میں ترقی دیدی گئی

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 30 نومبر 2023
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کے سینٹرل کنٹریکٹ کو اَپ گریڈ کرتے ہوئے انہیں ڈی سے بی کیٹیگری میں ترقی دیدی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ فیصلہ اپنی اس پالیسی کے تحت کیا ہے کہ اگر سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کوئی بھی کھلاڑی جو اے یا بی کیٹیگری سے نیچے ہے اور وہ کپتان بنتا ہے تو اس کا کنٹریکٹ اس وقت تک بی کیٹیگری میں کر دیا جائے گا جب تک وہ کپتانی کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ 34 سالہ شان مسعود کو 15 نومبر کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا اور وہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 25-2023 تک کپتان بنائے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: کپتانی کا کوئی دباؤ نہیں! سرفراز، بابراعظم سے مشورے لوں گا، شان مسعود

بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے شان مسعود 30 ٹیسٹ میچوں میں 1597 رنز بنا چکے ہیں اور بحیثیت کپتان ان کا پہلا اسائنمنٹ آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز ہے جو 14 دسمبر سے شروع ہو رہی ہے۔

مزید پڑھیں: سینٹرل کنٹریکٹ پر تاحال دستخط نہ ہونے کا انکشاف

سیریز کا پہلا ٹیسٹ 14 سے 18 دسمبر تک پرتھ میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک میلبرن میں ہوگا جبکہ تیسرا ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔