کوہستان میں لڑکی کا قتل چچا اور ویڈیو شیئر کرنے والے تین ملزمان گرفتار

ویڈیو شیئر کرنے والے تینوں نوجوانوں کا تعلق کوہستان سے ہی ہے، ایف آئی اے ذرائع


ویب ڈیسک December 05, 2023
فوٹو فائل

خیبرپختونخوا کے ضلع کوہستان میں وائرل ویڈیو کے بعد جرگے کے حکم پر قتل ہونے والی لڑکی کے کیس میں پولیس اور ایف آئی اے نے چچا سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن میں انٹرنیٹ پر ویڈیو شیئر کرنے والے تین ملزمان بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے کوہستان میں ویڈیو وائرل ہونے کے نتیجے میں قتل ہونے والی لڑکی کے کیس میں ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے تین نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے ی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ مقامی نوجوان یاسین کے فون پر جعلی آئی ڈی بنا کر ویڈیو اپ لوڈ کی گئی، جس میں مزید دو مقامی نوجوان شفیع اور نظام بھی ملوث تھے۔

ایف آئی اے کی تحقیقات کی روشنی میں ملزم یاسین کو گرفتار کر کے تھانہ پالس جبکہ معاون ملزمان شفیع اور نظام کو تھانہ بٹہیڑہ منقتل کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: کوہستان میں جرگے کے حکم پر لڑکی کا قتل، وزیراعلیٰ کا ملزمان کی گرفتاری کا حکم

پولیس ذرائع نے بتایا کہ گرفتار نوجوانوں سے دو چار دن میں مزید نئے انکشافات متوقع ہیں جس کی روشنی میں مزید گرفتاریاں بھی ہوسکتی ہیں۔

اس کے علاوہ پولیس نے مقتولہ کے چچا محمد نواز کو بھی گرفتار کر کے مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جہاں جج نے اُن کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مقامی جرگے کے حکم پر نوجوان لڑکی کو باپ اور چچا نے قبرستان لے جاکر قتل کیا اور پھر اُسے دفنا دیا تھا، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک اور لڑکی کی زندگی کے تحفظ کو یقینی بنایا جبکہ ویڈیو میں نظر آنے والے لڑکوں کو بھی حفاظتی تحویل میں لے لیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے