ڈکیتیوں میں خواتین کی عصمت دری کرنیوالے3 ڈاکوگرفتار

خواتین کی عصمت دری کرنیوالے ڈاکوؤں کوعینی شاہدین نے شناخت کیا،ایس ایس پی پیر شاہ


Staff Reporter May 27, 2014
سپاہی ندیم کے قتل میں ملوث منشیات فروش انتظارکوگرفتار کرکے ایک کلوچرس برآمدکر لی فوٹو فائل

ایسٹ زون پولیس نے گھروں میں ڈکیتیوں کے دوران خواتین کی عصمت دری کرنیوالے ڈکیت گروہ کے 3 کارندوں کو گرفتار کرلیا،ڈاکوؤں نے 40 گھروں میں ڈکیتیوں کا اعتراف کیا ہے۔

پولیس نے سپاہی کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا ہے،تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی پیر محمد شاہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ شاہراہ فیصل اور اسپیشل انویسٹی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے خفیہ اطلاع پر شاہراہ فیصل تھانے کی حدود سے 3 ڈاکوؤں طلعت عرف شکاری ،حارث عرف شید اور کاشف کو گرفتار کرکے اسلحہ اور موبائل فون برآمد کرلیے، گرفتار ڈاکوؤں کا گروہ 40 گھروں میں ڈکیتیاں کرچکا ہے اور2010 سے گھروں میں ڈکیتیوں، اسٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکلیں چھیننے اور چوری کرنے کی وارداتوں میں ملوث ہے، گرفتار ڈاکوؤں نے دوران تفتیش گلشن اقبال ، ملت ٹاؤن اور گرین ٹاؤن کہکشاں سوسائٹی اور گلستان جوہر عبداﷲ ہائٹس میں گھروں میں ڈکیتی کی واردات دوران گھروں میں موجود خواتین کی عصمت دری کا اعتراف کیا ہے جبکہ ملزمان کو کئی عینی شاہدین نے شناخت کیا ہے۔

گرفتار ڈاکوؤں کے گروہ میں آصف ڈاڈا ، وحید بلوچ ، زبیر، شیرا، سہیل ، کاکو، فیصل عرف دولت، شاہ جی، کاشان، عامر اور فیضان کمانڈو مفرور ہیں، دوسری کارروائی میں ایس آئی پی خالد ندیم بیگ اور شاہراہ فیصل تھانے کے چوکی انچارج نور مصطفیٰ نے گلستان جوہر میں فائرنگ کرکے قتل کیے جانے والے پولیس اہلکار ندیم کے قتل میں ملوث منشیات فروش اقتداری کے بھائی انتظار عرف انتظاری کو گرفتار کرکے ایک کلو چرس برآمد کر لی۔

گرفتار ملزم بھی پولیس اہلکار ندیم کے قتل کی واردات میں اپنے بھائی کے ساتھ شامل تھا واردات میں ملوث دیگر4 ملزمان اقتداری، اعجاز عرف مولائی، انور اور اسلم گوپانگ مفرور ہیں انھوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں کورنگی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ملزم ظہیر عرف ظہیرا اور زبیر عرف چھوٹا منا کی گرفتاری ایسٹ زون پولیس کی بڑی کامیابی ہے، گرفتار ملزم ظہیر عرف ظہیرا بلال کالونی میں دہشت کی علامت تھا اور قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، بھتہ خوری کے 14وارداتوں میں ملوث ہے، گرفتار ملزم نے کالعدم تنظیم کے ساتھ ملکر 2013 میں کورنگی صنعتی ایریا میں پولیس موبائل پر حملہ کرکے3 پولیس اہلکار شہید کردیے تھے ،گرفتار ملزم کے گروہ میں15ملزمان شامل ہیں جن کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔