انڈر19 ایشیاکپ پاکستان افغانستان کو شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گیا
پاکستان نے اپنی اننگز میں 303 رنز بنائے، جواب میں افغانستان کی ٹیم 220 رنز پر ڈھیر ہوگئی
انڈر19 ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان افغانستان کو 83 رنز سے ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان انڈر19 ٹیم کی مسلسل تیسری کامیابی ہے۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم نیپال کو 7 اور انڈیا کو 8 وکٹوں سے ہراچکی ہے۔
منگل کے روز آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ پاکستانی ٹیم 48 اوورز میں 303 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں افغانستان کی ٹیم 48.4اوورز میں 220 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کے اوپنرز شامل حسین اور شاہ زیب خان نے ٹیم کو 115 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ شاہ زیب خان 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے79 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
مزید پڑھیں: انڈر-19 ایشیاکپ؛ پاکستان نے بھارت کو شکست دیدی
شامل حسین نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 75 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 7چوکے شامل تھے۔ ریاض اللہ نے5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 73 رنز اسکور کیے۔
انڈیا کے خلاف سنچری بنانے والے اذان اویس تین چوکوں کی مدد سے20 رنز بناسکے۔ افغانستان کی طرف سے فریدون داؤدزئی اور بشیر احمد نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ نے افغانستان کی ٹیم کو کسی بھی موقع پر حاوی نہیں ہونے دیا۔ افغانستان کی جانب سے نعمان شاہ چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر ہے۔
پاکستان کی جانب سے عبید شاہ نے 19 اور طیب عارف نے 51 رنز دے کر تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اپنا پہلا انڈر 19 ون ڈے کھیلنے والے خبیب خلیل نے 45 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کرنےو الے پاکستانی بیٹر شامل حسین کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔