تنازعات حل کیے بغیر پاک بھارت دوستانہ تعلقات قائم نہیں ہوسکتے الطاف حسین

دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے مابین تعلقات کی بہتری کے اتفاق کا خیرمقدم کرتے ہیں،قائد ایم کیوایم


ویب ڈیسک May 27, 2014
پڑوسی ممالک سے خوشگوار او ردوستانہ تعلقات کا قیام پاکستان کے مفاد میں ہے، الطاف حسین۔ فوٹو:فائل

ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف اور نریندر مودی کی ملاقات میں پاکستان اور بھارت کے مابین تعلقات بہتر بنانے کے اتفاق کا خیرمقدم کرتے ہیں تاہم تصفیہ طلب تنازعات حل کیے بغیر دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم نہیں ہوسکیں گے۔

لندن سے جاری بیان کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ بھارت سے تعلقات بہتر بنانے کا عمل خوش آئند ہے اور دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان تعلقات کی بہتری کے اتفاق کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیر پا امن اور خوشگوار تعلقات کے لئے یہ بھی ناگزیر ہے کہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب تمام تنازعات کو بھارتی قیادت کے سامنے اٹھا یا جائے اور ان تنازعات کا حل قومی مفادات اورخواہشات کے تحت تلا ش کیا جائے کیوں کہ تنازعات کو حل کئے بغیر پاکستان اور بھارت کے مابین دیر پااوردوستانہ تعلقات قائم نہیں ہوسکیں گے ۔

الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم اس بات کی داعی ہے کہ مسائل کا حل جنگ نہیں بلکہ مفاہمت اور بات چیت ہے اور وہ ممالک جن سے پاکستان کی سرحدیں ملتی ہیں ان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا قیام ایم کیوایم کے منشور کا بھی حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پڑوسی ممالک سے خوشگوار اوردوستانہ تعلقات کا قیام پاکستان کے مفاد میں ہے جبکہ برابری کی بنیاد پر باوقار تعلقات کا قیام بھی ملکی مفاد ہے۔