چراغ تلے اندھیرا ایف بی آر کے 1200 سے زائد افسران نے ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرائے

ملک بھر سے ٹیکس جمع کرنے والے ادارے کے نادہندگان میں اعلیٰ عہدوں پر فائز افسر بھی شامل، وزارت خزانہ کے حکام برہم


Irshad Ansari May 28, 2014
16جون تک جرمانے کے ساتھ گوشوارے جمع کرانے کی تنبیہ، جس کے ذمے جتنا ٹیکس بنتا ہے، وصول کیا جائے گا، افسر ایف بی آر۔ فوٹو: فائل

ملک بھر سے ٹیکس جمع کرنے والے ادارے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے1743میں سے1200سے زائد افسروں کی طرف سے اپنے ہی ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرائے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

روزنامہ ایکسپریس نے ایف بی آر کے افسران کے ٹیکس گوشواروںسے متعلق رپورٹ کی کاپی حاصل کر لی ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایف بی آر کے صرف 500 کے لگ بھگ افسران انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروا رہے ہیں اور ان میں سے بھی کچھ افسران آن لائن کی بجائے مینوئل ٹیکس گوشوارے جمع کروا رہے ہیں، دستاویز میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ٹیکس ائیر 2013 کیلیے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں میں ممبر کسٹمزسمیت دیگر اہم ترین عہدوں پر فائز اعلیٰ افسران بھی شامل ہیں۔

رپورٹ دیکھ کر وزارت خزانہ کے حکام حیران رہ گئے اورشدید برہمی کا اظہارکیا کہ جن لوگوںکو ٹیکس نیٹ بڑھانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، وہ خود ہی ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کروا رہے، ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کروانے والے افسران کو 16 جون 2014 تک جرمانے کے ساتھ گوشوارے جمع کروانے کی وارننگ دی ہے، اس بارے میں وزارت خزانہ کے حکام سے جب رابطہ کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ جس کے ذمے جتنا ٹیکس بنتا ہے، وہ وصول کیا جائے گا اور ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، وفاقی بجٹ کے بعد ملازمین کے ٹیکس گوشواروں کی اسکروٹنی و چیکنگ ہوگی اور ان کے اخراجات بھی چیک ہوںگے۔