دہشت گردوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے وزیرا علیٰ سندھ

عدالت کے حکم پرشاہد حیات ہی نہیں سیکڑوں افسر ہٹائے، قائم علی شاہ


Staff Reporter May 29, 2014
پراسیکیوٹرز گرفتار ملزمان کوعدالتوں سے سزا دلائیں تاکہ کراچی آپریشن کو کامیاب بنایا جاسکے، وزیراعلیٰ ہائوس میں تقریب سے خطاب۔ فوٹو: فائل

لاہور: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہاہے کہ سندھ کے پاس وسائل کی کمی ہے، ہم کوشش کررہے ہیں کہ جلدہی سندھ پولیس کی تنخواہیں اوردیگر الائونسز پنجاب پولیس کے مساوی کیے جائیں۔

کراچی میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے، آپریشن جاری ہے، دہشت گردوں کوآخری دم تک نہیں چھوڑیں گے ، شاہد حیات کو سپریم کورٹ کے حکم پرہٹایا۔یہ بات انھوں نے بدھ کو شہید بینظیر بھٹو ٹریننگ سینٹر رزاق آباد میں پاسنگ آئوٹ پریڈ کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔پریڈمیں مجموعی طور پر تقریباً 650اہلکاروں نے کورس پاس کیا۔اس موقع پروزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ سندھ پولیس میں10ہزارکی نفری بڑھائی جارہی ہے جبکہ ریٹائرڈآرمی افسران کو بھی بھرتی کیاگیاہے،پولیس کی تمام ترضرویات پوری کی جائیں گی اورامن و امان کے قیام کیلیے پولیس کوتمام تر وسائل مہیا کریں گے، حکومت نے سندھ پولیس کو اسلحے کی خریداری کے لیے ساڑھے6ارب روپے جاری کردیے ہیں، سپریم کورٹ پر شاہد حیات ہی نہیں بلکہ سیکڑوں افسروں کو ہٹایا گیا ہے۔

اس موقع پرانھوں نے پولیس ٹریننگ سینٹرسعید آباداور رزاق آبادکیلیے15-15کروڑروپے کی خصوصی گرانٹ کا بھی اعلان کیا جبکہ رزاق آباد ٹریننگ سینٹر سے متصل عمارت میں یونیورسٹی برائے اینٹی ٹیررازم اسٹڈیز کے قیام ، انسٹرکٹرز کی تنخواہ دگنی کرنے کی بھی منظوری دی۔دریں اثناپراسیکیوٹر جنرل سندھ شیر محمد شیخ اور14 دیگر ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرلز کووزیراعلیٰ ہائوس میں نئی گاڑیوں کی چابیان دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ پراسیکیوشن افسران کراچی آپریشن کے دوران پکڑے گئے مجرموںکوعدالتوں کے ذریعے سزائیں دلانے کیلیے محنت اورلگن سے کام کریں تاکہ ٹارگٹڈ آپریشن کو کامیاب بنایاجاسکے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے افسران کویقین دہانی کرائی کہ بہترکارکردگی کی بنیادپران کو حکومت سندھ کی جانب سے انعامات دیے جائیںگے،انسداددہشت گردی کی عدالتوں کی تعداد10سے بڑھاکر15کردی گئی ہے تاکہ شہر اور صوبے میں قانون کی حکمرانی قائم رکھی جاسکے،نئی قائم کردہ5انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کو ٹارگٹڈ آپریشن کے مقدمات چلانے کیلیے مختص کیا گیا ہے،قبل ازیں سیکریٹری داخلہ نے پبلک پراسیکیوٹرکے کردار کی اہمیت اور ٹارگٹڈ آپریشن میں ان کے اثرات پرتفصیلی روشنی ڈالی۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے رمضان میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی تجاویزاور پرائس کنٹرول مکنزم ترتیب دینے کیلیے صوبائی وزیر خوراک جام مہتاب ڈھرکی سربراہی میں3رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، صوبائی سیکریٹری خزانہ اور کمشنر کراچی اس کمیٹی کے رکن ہونگے،یہ فیصلہ بدھ کووزیراعلیٰ ہائوس میں منعقد ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا ،اجلاس میں رمضان کے دوران قیمتوں کوضابطے میں رکھنے، ذخیرہ اندوزی، بلیک مارکیٹنگ اور ناجائز نفع خوری کو روکنے کی حکمت عملی مرتب کرنے کیلیے غور خوض کیا گیا،اجلاس میں صوبائی وزیرخوراک جام مہتاب ڈھر، وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے خزانہ و توانائی سید مراد علی شاہ، چیف سیکریٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ ودیگرنے شرکت کی جبکہ کمشنر لاڑکانہ ،حیدرآباد، سکھر اور میرپورخاص نے وڈیو لنک پرموجو د تھے۔