الطاف حسین کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کا مسئلہ حل ہوگیا قائم مقام چیرمین نادرا

حکومت نے یقین دہانی کرائی ہےنادرا اورپاسپورٹ ٹیم الطاف حسین کے گھرجاکران کا شناختی کارڈ اورپاسپورٹ بنائے گی،طاہر مشہدی


ویب ڈیسک May 29, 2014
الطاف حسین کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری نہ کرنے پر ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی میں کئی بار احتجاج کیا۔ فوٹو:فائل

قائم مقام چیئرمین نادرا کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کا مسئلہ حل ہوگیا ہے جبکہ ایم کیو ایم کے سینیٹر طاہر مشہدی نے بھی مسئلے پر حکومتی یقین دہانی کی تصدیق کردی ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس سینیٹر طلحہٰ محمود کی زیر صدارت ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان اور قائم مقام چیرمین نادرا سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیرمین نادرا نے کمیٹی کو غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے سے متعلق آگاہ کیا جبکہ اس موقع پرچیرمین نادرا نے کمیٹی کو یہ بھی بتایا کہ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کےشناختی کارڈ اور پاسپورٹ کا مسئلہ حل ہوگیا۔

اجلاس میں شریک ایم کیوایم کے سینیٹر طاہر مشہدی نے مسئلے پر کمیٹی کو حکومتی یقین دہانی سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ نادرا اور پاسپورٹ کی ٹیم لندن میں الطاف حسین کے گھر جاکر ان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنائے گی۔

واضح رہے کہ الطاف حسین کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری نہ کرنے پر ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی، سینیٹ اورسندھ اسمبلی میں کئی بار احتجاج کے ساتھ مظاہرے بھی کیے جبکہ ایم کیو ایم نے الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری نہ کیے جانے پر وزارت داخلہ اور لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کو قانونی نوٹس بھی بھجوائے تھے تاہم وزیر داخلہ چوہدری نثار علی کا کہنا تھا کہ حکومت کو الطاف حسین کے شناختی کارڈ سے کوئی مسئلہ نہیں وہ جب کہیں انہیں شناختی کارڈ جاری کردیا جائے گا۔