گلستان جوہر لینڈ مافیا کا کروڑوں روپے کی زمین پر قبضہ

پولیس سمیت متعلقہ ادارے شہریوں کی شکایت کے باوجود لینڈ مافیا کے کارندوں کیخلاف کارروائی سے گریزکررہے ہیں


Staff Reporter May 30, 2014
بلدیاتی عملہ بلاک7کے ڈی اے اسکیم 36میں غیرقانونی تعمیرات روکنے میں ناکام ،لینڈ مافیا کے کارندے شہریوں کو اپنی ہی زمین سے دھمکیاں دیکر بے دخل کرنے لگے ۔ فوٹو : ساجد رؤف ، ایکسپریس

گلستان جوہر میں لینڈ مافیا نے شہریوں کی زمین پر قبضے کا آغاز کردیا۔

متعلقہ ادارے نے شہریوں کی زمین پر قابض لینڈ مافیا کے کارندوں کے خلاف کارروائی سے چشم پوشی اختیار کرلی، قابضین کے حوصلے بلند ہوگئے، احتجاج کرنے والوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں ملنے لگیں، کروڑوں روپے مالیت کی زمین پر لینڈ مافیا کے کارندے پولیس کی سر پرستی میں دن دہاڑے تعمیرات میں مصروف ہیں، بلدیہ عظمیٰ کی جانب سے مختلف علاقوں میں انسداد تجاوزات مہم چلائی جارہی ہے، دوسری جانب بلدیہ عظمیٰ اسکیم 36 میں غیر قانونی تعمیرات روکنے میں ناکام ہے۔

درجنوں شہریوں نے غیرقانونی قبضے کیخلاف پولیس سمیت تمام متعلقہ اداروں میں شکایات درج کرائی ہیں تاہم کسی بھی شکایت پر عمل درآمد نہیں ہوا، تفصیلات کے مطابق لینڈ مافیا کے کارندوں نے گلستان جوہر بلاک 7 میں واقع زمین پر قبضے کا آغاز کردیا ،کروڑوں روپے مالیت کی زمین پر لینڈ مافیا کے کارندے پولیس کی سر پرستی میں تعمیراتی کرانے میں مصروف ہیں ، لینڈ مافیا کے کارندوں نے مذکورہ زمین پر شہریوں کی جانب سے بنائی جانے والی چار دیواری کو بھی مسمار کر دیا ، لینڈ مافیا کے کارندوں کی پولیس سمیت بااثرافراد کی جانب سے سرپرستی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ لینڈ مافیا نے 150گزکی پلاٹنگ بھی کردی ہے اور پلاٹنگ کی نشاندہی کیلیے سفید رنگ کی اینٹیں بھی لگادی ہیں ،مذکورہ اراضی پر قبضے کیخلاف درجنوں شہریوں نے کمشنر کراچی،ڈپٹی کمشنر ، اانسداد تجاوزات سیل ، ایس پی گلشن اقبال اور ایس ایچ او تھانہ گلستان جوہر کو تحریری طور پر شکایات درج کرائی ہیں ۔

تاہم کسی بھی جانب سے تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی، متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ زمین پر غیر قانونی قبضہ گزشتہ ماہ سے شروع ہوا اور اس سلسلے میں انھوں نے تمام ہی متعلقہ اداروں میں درجنوں درخواستیں جمع کرائی لیکن افسوس کہ کسی بھی ادارے نے ان کا ساتھ نہیں دیا انھوں نے بتایا کہ مذکورہ زمین عمر بھر کی جمع پونجی سے حاصل کی ہے، وہ لوگ اپنی جمع پونچی کو اس طرح ضائع ہونے نہیں دیں گے ۔

انھوں نے بتایا کہ لینڈ مافیا کے حوصلے اتنے بلند ہو چکے ہیں کہ جب وہ اپنے پلاٹ دیکھنے جاتے ہیں تو لینڈ مافیا کے کارندے انہیں بااثر افراد کے حوالے سے دھمکیاں دیتے ہیں اور انہیں اپنے ہی پلاٹ سے بھگا دیتے ہیں ، متاثرہ افراد نے چیف جسٹس پاکستان ، وزیر اعظم ، گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کی ہے کہ وہ مذکورہ زمین پر کیا جانے والے غیر قانونی قبضہ فوری طور پر ختم کرایا جائے، واضح رہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں انسداد تجاویزات کی مہم چلا رہی ہے تو دوسری جانب بلدیہ عظمیٰ کراچی گلستان جوہر بلاک 7 کے ڈی اے اسکیم نمبر 36 میں غیر قانونی تعمیرات کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے۔