شاہ رخ خان کا فائنل میں کامیابی کی صورت میں عظیم الشان جشن منانے کا اعلان

ٹائٹل جیتنے کے بعد کولکتہ میں بہت بڑی پارٹی ہوگی، شاہ رخ خان


Sports Desk May 30, 2014
آئی پی ایل:فائنل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی رسائی پر خوشی سے بے قابوٹیم اونر شاہ رخ خان کے مختلف انداز،آل راؤنڈریوسف پٹھان نے انھیں ہاتھوں میں اٹھایا ہوا ہے ۔ فوٹو : فائل

کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک اور بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان نے فائنل میں کامیابی کی صورت میں عظیم الشان جشن منانے کا اعلان کیا ہے۔

شاہ رخ خان نے کہاکہ ٹائٹل جیتنے کے بعد کولکتہ میں بہت بڑی پارٹی ہوگی، گذشتہ روز وہ کنگز الیون پنجاب پر اپنی ٹیم کی کوالیفائر میں کامیابی کے بعد ویسٹ بنگال کی وزیراعلیٰ ممتابینر جی کی رہائش گاہ پر گئے، جہاں خود ممتا نے باہر آکر ان کا استقبال کیا، ان کے ساتھ فش فرائی کھانے کا تذکرہ شاہ رخ نے اپنے ٹویٹ میں بھی کیا۔

انھوں نے کہا کہ میں بنگلور میں فائنل میں شریک ہونے کی پوری کوشش کروں گا تاہم مصروف ترین فلمی شیڈول کے باعث فی الحال کچھ کہنا ممکن نہیں ہے۔دوسری جانب کے کے آر کے کپتان گوتم گمبھیر نے مسلسل 8 میچز میں کامیابی شاہ رخ خان کے نام کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے کافی مشکل وقت دیکھا، اس لیے حقیقت میں ان فتوحات کے مستحق ہیں۔