لنکا ڈھانے کی تیاری پاکستان نے پیس ہتھیار چمکانے شروع کر دیے

سرفراز نواز نے طلحہٰ کی رفتار میں کمی کا سبب جان لیا،ا نفرادی سیشن میں رن اپ درست کرانے پر کام کرتے رہے


محمد عرفان کی فٹنس خوش آئند ہے، تربیتی کیمپ کے دوران پوری رفتار سے بولنگ کررہے ہیں،کیمپ میں دیگر بولرز کی خامیاں بھی دور کریں گے، سابق فاسٹ بولر فوٹو: فائل

لنکا ڈھانے کی تیاریوں میں مصروف پاکستان نے پیس ہتھیار چمکانے شروع کردیے۔

سرفراز نواز نے محمد طلحہٰ کی رفتار میں کمی کا سبب جان لیا، گذشتہ روز وہ انفرادی سیشن میں رن اپ درست کرانے پر کام کرتے رہے، سابق ٹیسٹ بولر کا کہنا ہے کہ خامی پر قابو پانے کے بعد نوجوان پیسر ایک بار پھر150کلومیٹر کی اسپیڈ سے گیند کرنے میں کامیاب ہونگے۔ ان کے مطابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو ہر پیسر کے حوالے سے بریفنگ دیدی، محمد عرفان کی فٹنس خوش آئند ہے، وہ پوری رفتار سے بولنگ کررہے ہیں، کیمپ میں دیگر بولرز کی خامیاں بھی دور کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق سخت ٹریننگ کے بعد اب کرکٹرز کی خامیوں پر قابو پانے کیلیے کام کا آغاز ہوچکا ہے، جمعرات کو کھلاڑیوں کیلیے آرام کا دن تھا ۔

تاہم سرفراز نواز نے شام کو انفرادی سیشن کیلیے محمد طلحہٰ کو قذافی اسٹیڈیم بلا لیا،نوجوان پیسر نے پچ کے بجائے گھاس پر بولنگ پریکٹس کی،اس دوران وکٹ کیپنگ اور معاونت کے فرائض محمد اکرم نے سنبھالے، سرفراز نواز نے محمد طلحہٰ کی ایک ایک گیند کو بڑی باریک بینی سے دیکھتے ہوئے انھیں رن اپ میں خامیوں سے آگاہ کیا، سابق ٹیسٹ بولر نے یہ سلسلہ مطلوبہ نتائج حاصل ہونے تک جاری رکھا،سیشن ختم ہونے کے بعد نوجوان بولر اور محمد اکرم بھی بولنگ میں بہتری سے خاصے مطمئن نظر آئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سرفراز نواز نے کہا کہ سابق چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ کے دور میں بھی پیسرز کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تھا،اس وقت محمد طلحہٰ کی رفتار 150کے قریب تھی،راولپنڈی میں ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے دوران میں نوجوان بولر کی اسپیڈ میں کمی پر حیران رہ گیا۔

رن اپ بھی چھوٹا ہونے پر میں نے پوچھا کہ فٹنسکے مسائل تو نہیں، نفی میں جواب پاکر سوچا کہ صرف تھوڑی سی توجہ سے انتہائی باصلاحیت محمد طلحہٰ کو ایک بار پھر زیادہ مہلک ہتھیار بنایا جا سکتا ہے،اب موقع ملا تو صرف اسی پہلو پر کام کیا۔ سرفراز نواز نے بتایا کہ ایسے محسوس ہوتا تھا کہ پیسر وکٹ کے قریب آکر رک جاتے ہیں، رن اپ میں اسپیڈ بڑھانے کیلیے خاص تکنیک اپنائی گئی، آغاز سے پچ تک کے فاصلے کا نصف حصہ نشان زدہ کرکے محمد طلحہٰ کو بتایا کہ شروع سے آخر تک ایک جیسی رفتار سے گیند پھینکنے کیلیے آگے بڑھنا ہے،کریز کے قریب پہنچ کر جمپ نہ کرنا بھی پیس میں کمی کی ایک وجہ تھی۔

اس خامی پر قابو پانے کی بھی خاصی مشق کرائی، اب وہ وکٹ کی طرف بڑھیں گے تو پیسرز کا روایتی جارحانہ پن نظر آئے گا اور میدان میں اسکے اثرات بھی محسوس کیے جائینگے، انکی ابتدائی 2یا3گیندیں نہیں بلکہ پورا اوور یکساں رفتار سے ہوگا، انھوں نے کہا کہ محمد طلحہ ٰنے بڑی محنت سے اپنی بولنگ میں نکھار لانے کیلیے کام کیااور مطلوبہ نتائج حاصل ہونے پر خاصے خوش میدان سے باہر گئے۔سرفراز نواز نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی سے ملاقات میں ہر پیسر کے بارے میں تفصیلی بات چیت ہوئی،سب سے خوش آئند بات محمد عرفان کی فٹنس ہے،طویل قامت بولر پوری رفتار سے بولنگ کررہے ہیں۔

دیگرپیسرز کے رن اپ میں زیادہ مسائل سامنے نہیں آئے، محمد اکرم کے بہترین پلان اور بھرپور توجہ سے فٹنس میں بھی نمایاں بہتری آئی جس کا پیسرز کو خاص طور پر فائدہ ہوگا، سابق پیسر نے کہا کہ معمولی نوعیت کی خامیاں مشاورت سے جلد دور ہوجائینگی۔ محمد عرفان اور راحت علی سمیت تمام پیسرز کو اچھے قد کا فائدہ اٹھانے کا ہنر بھی سکھاؤں گا۔