عمران خان عام انتخابات 2024ء سے مکمل طور پر باہر ہوگئے

عمران خان کی لاہور اورمیانوالی سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں خارج،پی ٹی آئی کافیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان


ویب ڈیسک January 10, 2024
بانی پی ٹی آئی میانوالی کے حلقے سے اہل ہوں گے یا نہیں فیصلہ تھوڑی دیر میں سنایا جائے گا

الیکشن ٹریبیونل نے لاہور این اے 122 اور میانوالی حلقہ 89 سے عمران خان کے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیل خارج کردی جس کے بعد فی الوقت عمران خان عام انتخابات سے باہر ہوگئے۔

لاہور ہائیکورٹ کے انتخابی ٹریبیونل کے جسٹس طارق ندیم نے فیصلہ سناتے ہوئے لاہور کے حلقے این اے 122 سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کاغذات مسترد کرنے کے خلاف اپیل خارج کردی۔

ٹریبیونل نے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے عمران خان کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں دی۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی امیدواروں کو آر اوز دفاتر میں داخلے سے روکا جا رہا ہے، چئیرمین پی ٹی آئی

ریٹرننگ افسر نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے میں کہا تھا کہ امیدوار کے تائید کنندہ کا تعلق حلقے سے نہیں ہے۔

اسی طرح الیکشن ٹربیونل نے عمران خان کی قومی اسمبلی حلقہ این اے 89 میانوالی سے بھی اپیل خارج کردی جس کے بعد بانی عمران 8 فروری کے الیکشن سے مکمل آؤٹ ہوگئے۔

الیکشن ٹربیونل کے جج چوہدری عبدالعزیز نے محفوظ فیصلہ سنا یا اور ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ درست قرار دیتے ہوئے تمام اعتراضات درست قرار دے دئیے۔

ٹربیونل نے کہا کہ عمران خان توشہ خانہ کیس میں سزا یافتہ ہیں اس لیے الیکشن نہیں لڑسکتے، سزا کم ہو یا زیادہ، سزا سزا ہی ہوتی ہے ضمانت ہوئی ہے لیکن سزا برقرار ہے اور جب تک سزا برقرار ہے الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے۔

دوسری جانب عمیر نیازی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اس فیصلے کو ہائی کورٹ لارجر بنچ میں چیلنج کریں گے۔

مقبول خبریں