تجارتی مراکز اور پمپنگ اسٹیشنوں میں بجلی کی طویل بندش 66ملین گیلن پانی کی فراہمی معطل

شہر میں 28 سو میگا واٹ کے بجائے22 سو میگا واٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے ، لوڈشیڈنگ کادورانیہ 12 گھنٹے تک پہنچ گیا


Staff Reporter June 01, 2014
دکانداروںکاکہناہے کہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے سبب مارکیٹیں سنسان ہوگئی ہیں جس سے ہماراروزگارشدیدمتاثرہورہاہے ، فوٹو :ایکسپریس / فائل

کے الیکٹرک کی جانب سے پمپنگ اسٹیشنوں میں بجلی کی طویل بندش کے باعث شہرمیں66ملین گیلن پانی فراہم نہیں کیاجاسکا ۔

بجلی کی طلب 2800 میگا واٹ تک پہنچ گئی تاہم کے الیکٹرک کی جانب سے 2200 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے،دوسری جانب اہم تجارتی مراکزسمیت اہم مارکیٹوں میںلوڈ شیدنگ سے دکاندارپریشانی کاشکارہیں،تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے رہائشی علاقوں کے علاوہ تجارتی مراکزاورواٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں میں بجلی کی طویل بندش کے باعث شہر میں 66 ملین گیلن پانی فراہم نہیں کیاجاسکا،شہرمیں بجلی کی طلب 28 سو میگا واٹ تک پہنچ گئی تاہم کے الیکٹرک کی جانب سے 2 2 سو میگا واٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے، 6 سو میگا واٹ بجلی کی کمی کے باعث شہرکے رہائشی و تجارتی علاقوں میں یومیہ 10 تا 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کے باعث دکانوں کے مالکان سخت پریشانی میں مبتلا ہیں،شہرکے اہم تجارتی مراکزسمیت اہم مارکیٹوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

دکانداروںکاکہناہے کہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے سبب مارکیٹیں سنسان ہوگئی ہیں جس سے ہماراروزگارشدیدمتاثرہورہاہے ، مختلف علاقوں لیاری، رنچھوڑ لائن، صدر، برنس روڈ، کھارادر، میٹھا در، گارڈن، گولیمار، لسبیلہ، ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، سٹی ریلوے اسٹیشن سے متصل علاقے، محمودآباد، اورنگی ٹاؤن ، کالا پل ،ہزارہ کالونی ،ریلوے کالونی ،پنجاب کالانی ،گزری ،منظور کالونی ،اخترکالونی، کشمیرکالونی، ڈیفنس، گلشن اقبال، نیوٹاؤن، طارق روڈ اور بہادر آباد،نارتھ ناظم آباد،نارتھ کراچی ، سولجر بازار ،لانڈھی ،کورنگی ،ملیر لیاقت آباد ،ایف سی ایریا،ناظم آباد ،گلبہا ر ،نیو کراچی ،نارتھ کراچی،فیڈرل بی ایریا ، گلستان جوہر،قصبہ کالونی، کیماڑی،گزدر آباد،محمود آبادسلطان آباد، شیریں جناح کالونی،حیدرآبادکالونی ، پیر کالونی،گارڈن ایسٹ، ویسٹ، بہار کالو نی ، آگرہ تاج کالونی10 تا 12 گھنٹے کی اعلانیہ و غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

بجلی کی آنکھ مچولی کے باعث سخت گرمی میں شہریوںکاجینا محال ہوگیاہے دوسری جانب نارتھ ایسٹ کراچی پمپنگ ہاؤس (نیو اینڈ اولڈ) K-2 اور K-3 پر جمعہ کی صبح 9 بجے سے ہفتہ کی شام 6 بجے تک (30 مئی اور31 مئی کو) وقفے وقفے سے کے الیکٹرک کی بجلی کی فراہمی مکمل اور جز وی طور پر معطل رہی جس کی وجہ سے ضلع وسطی اورضلع غربی کے علاقوں میں66 ملین گیلن سے زائدپانی کی قلت سے بحرانی کیفیت پیداہوگئی، جمعہ کی صبح 9 بجےNEK پمپنگ ہا ؤ س)اولڈاینڈ نیو )کی بجلی کے الیکٹرک کی فنی خرابی کے باعث دوپہر 12 بجکر 20 منٹ تک غائب رہی جبکہ دوبارہ شام 5 بجے پھر بریک ڈاؤن ہواوراس دوران16ملین گیلن پانی کی کمی واقع ہوگئی ،ہفتے کی صبح گیارہ بجکر 20 منٹ سے دوپہر ایک بجکر 42 منٹ تک بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

ہفتے کو دوسری بارNEK پر K-2 اور K-3 کی بجلی دوپہر 2 بجکر 5منٹ پر دوبارہ بند کر دی گئی جو ساڑھے 5بجے شام تک بحال نہیں ہو سکی، بجلی کی بار بار اور14 گھنٹے سے زائد بندش کے باعث شہر کے اہم علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں ضلع وسطی کے فیڈرل بی ایریا ، نارتھ کراچی ، نارتھ ناظم آباد ، ناظم آباد کے علاوہ پاک کالونی ، گلبائی ، ماری پور،گریکس ولیج اور ملحقہ علاقوں ،ضلع غربی کے تمام علاقوں سائٹ (صنعتی علاقہ )، بلدیہ ، ، سرجانی ، گلستان جوہراور اسکیم 33 سمیت ملحقہ علاقوں میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہوئی بار بار بریک ڈاؤن کی وجہ سے سسٹم بھی شدید دباؤ کا شکار ہوگیا اور دونوں اضلاع میں معمول کے مطابق پانی کی سپلائی جاری نہ رہ سکی ۔

کے الیکٹرک کی جانب سے ابھی تک فنی خرابی دور نہیں کی جاسکی اور ہفتے کو شہر میں بجلی کی مجموعی طلب 28 سو میگاواٹ رہی جبکہ کے الیکٹرک کی جانب سے شہر کو22 سو میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہیں اور یوں 6 سو میگاواٹ بجلی کی کمی کے باعث شہر کے رہائشی و تجارتی علاقوں میں یومیہ 10تا 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس کے باعث شہریوں شدیداذیت کاشکارہیں۔