ہاکی ورلڈ کپ میں شریک نہ ہونے پر قومی کپتان افسردہ

کوالیفائی کرنے کے 2 مواقع ملے لیکن بدقسمتی سے فائدہ نہ اٹھاسکے، محمد عمران


Sports Desk June 01, 2014
ہماری نظریں ایشین گیمز پر مرکوز ہیں، ہم ٹائٹل جیت لیتے ہیں تو ریو اولمپکس 2016 کیلیے بھی کوالیفائی کرجائیں گے، محمد عمران فوٹو: فائل

ہاکی ورلڈ کپ میں شریک نہ ہونے پر قومی کپتان محمد عمران انتہائی افسردہ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمیں کوالیفائی کرنے کے 2مواقع ملے لیکن بدقسمتی سے فائدہ نہ اٹھاسکے۔

''ایکسپریس ٹریبیون'' سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عمران نے کہا کہ نیدرلینڈز میں جاری ورلڈ کپ کے میچز ٹی وی پر دیکھ کر بہت دکھ ہورہا ہے، ہمارے لیے اس سے بڑا صدمہ اور کیا ہوگا کہ 4 بار ٹائٹل جیتنے والی ٹیم اس مرتبہ میگا ایونٹ میں شریک ہی نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں شرکت یقینی بنانے کیلیے ٹیم کو ایشیا کپ اور چیمپئنزلیگ کی صورت میں دو مواقع ملے، ایونٹس کا آغاز انتہائی اچھے انداز میں کیا لیکن ناک آئوٹ مرحلے میں ہار نے بڑے صدمے سے دوچار کردیا، گرین شرٹس نے ایشیا کپ سیمی فائنل میں گول کرنے کے کئی مواقع ضائع کیے۔

قومی ٹیم کے قائد کا کہنا تھا کہ اب ان کی نظریں ایشین گیمز پر مرکوز ہیں، ہم ٹائٹل جیت لیتے ہیں تو ریو اولمپکس 2016 کیلیے بھی کوالیفائی کرجائیں گے، اس بار ایسی کوئی غلطی نہیں کرنا چاہتے جس کا خمیازہ قوم کو بھی بھگتنا پڑے۔ دوسری طرف قومی ٹیم کے کوچ شہناز شیخ کا کہنا ہے کہ ایشین گیمز کیلیے 26 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرلیاگیا ہے، ایونٹ کیلیے حتمی اسکواڈ کا اعلان اگست کے دوسرے ہفتے میں کردیا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ ایشین گیمز کیلیے شارٹ لسٹ کھلاڑیوں کا انتخاب ان کی تکنیکس اور فزیکل فٹنس کو دیکھتے ہوئے میرٹ پرکیا گیا ہے۔ ایونٹ کیلیے پی آئی او کو بھیجے جانے والے 16 کھلاڑی بھی ان میں شریک ہیں، لسٹ میں ایشین گیمز 2010 کے گولڈ میڈلسٹ قومی اسکواڈ کے محمد عمران، شفقت رسول، محمد توصیف ، عبدالحسیم خان، محمد رضوان سینئر اور شکیل عباسی بھی شامل ہیں۔