ثانیہ نے شعیب سے خراب تعلقات کی خبریں مسترد کردیں

شادی سے پہلے ہی ہم دونوں اپنی مصروف ترین زندگی کے چیلنجز سے آگاہ تھے۔ ثانیہ مرزا


Sports Desk June 01, 2014
شائقین کی خاطر اس رشتے میں نہیں بندھے، ہمارا تعلق بہت خاص ہے،ٹینس اسٹار فوٹو: اے ایف پی/فائل

بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے شوہر شعیب ملک سے خراب تعلقات کی رپورٹس مسترد کردیں، کچھ عرصے سے بھارتی میڈیا میں یہ رپورٹس آرہی ہیں کہ ثانیہ اور شعیب کی شادی شدہ زندگی اچھی نہیں گزررہی۔

اپنے ایک انٹرویو میں بھارتی میڈیا کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے ثانیہ مرزا نے کہا کہ ہم دونوں پروفیشنل کھلاڑی اور ہماری زندگی انتہائی مصروف ہے، ہم شادی سے پہلے بھی ان باتوں سے اچھی طرح آگاہ تھے، یہ درست ہے کہ آپ ایک دوسرے سے دور رہنا پسند نہیں کرتے مگر توجہ اسپورٹنگ کیریئر پر مرکوز ہونے کی وجہ سے ہمارے پاس بہت کم آپشنز موجود ہیں، یہ بھی حقیقت ہے کہ بعض اوقات ہم محسوس کرتے ہیں کہ کیوں ایسے آزمائشی دور سے گزررہے ہیں۔

لیکن ہم اپنے آگے درپیش اہداف سے آگاہ اور اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ابھی اسپورٹس میں ہمارے لیے بہت کچھ موجود ہے، ہمارا رشتہ بہت خاص ہے، ہم نے کبھی اپنی شادی سے متعلق میڈیا رپورٹس پر بات نہیں کی، ہم نے شادی شائقین کے لیے نہیں کی، نجی زندگی میں میڈیا کی دخل اندازی پر بہت افسوس ہوتا ہے لیکن ہم ہر کسی کو ہر بات پر جواب نہیں دے سکتے۔