شمسی توانائی سے چلنے والے طیارے کی پرواز

کامیاب شمسی پرواز نے سورج کی توانائی سے چلنے والے طیارے کے لیے پوری دنیا کا چکر لگانے کی راہ ہموار کر دی


Editorial June 04, 2014
کامیاب شمسی پرواز نے سورج کی توانائی سے چلنے والے طیارے کے لیے پوری دنیا کا چکر لگانے کی راہ ہموار کر دی فوٹو؛فائل

ہوا بازی کی تاریخ میں اس وقت ایک انقلابی لمحہ دیکھنے میں آیا جب سوئٹزر لینڈ میں ایک جرمن ٹیسٹ پائلٹ نے شمسی توانائی سے چلنے والے طیارے ''سولر امپلس2'' کو اس کی اولین کامیاب پرواز کے بعد پیرینی کے ہوائی مستقر پر بحفاظت اتار لیا۔ طیاروں کے سفر نے جہاں دور دراز کے فاصلوں کو سمیٹ کر انتہائی مختصر کر دیا ہے وہاں پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے ہوائی سفر کو بہت مہنگا بھی بنا دیا تھا۔ اس حوالے سے کافی عرصے سے کوششیں کی جا رہی تھیں کہ طیاروں کے لیے کسی متبادل ایندھن کا استعمال کیا جائے جو پٹرول کی نسبت کہیں زیادہ سستا ہو چنانچہ اب اس حوالے سے تحقیق و جستجو کرنے والوں کو ایک نمایاں کامیابی حاصل ہو گئی ہے۔

اس پہلی کامیاب شمسی پرواز نے سورج کی توانائی سے چلنے والے طیارے کے لیے پوری دنیا کا چکر لگانے کی راہ ہموار کر دی ہے اور نئے امکانات کا دروازہ کھول دیا ہے جس کے لیے آیندہ سال کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ''سولر امپلس 2'' نے دو گھنٹے پندرہ منٹ کی مسلسل پرواز کی جو کہ اس کے لیے طے شدہ وقت سے آدھ گھنٹہ زیادہ تھا۔ جرمن ٹیسٹ پائلٹ مارکوس شرینڈل کا کہنا تھا کہ یہ نہایت پر سکون پرواز تھی جس میں دل کی تقویت کے لیے یہ احساس کارفرما تھا کہ اس پرواز میں پٹرول کو جلایا نہیں جا رہا۔ ٹیسٹ پائلٹ نے کہا تمام چیزوں نے شیڈول کے مطابق کام کیا۔

سوئٹزر لینڈ کے فضائی مستقر پیرینی پر ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹیسٹ پائلٹ نے کہا یہ بہت اچھا آغاز ہے اوراب میں ایک بہت طویل پرواز کے بارے میں سوچنے لگا ہوں۔ شمسی توانائی سے چلنے والے اس طیارے کا ڈھانچہ ''کاربن فائبر'' سے بنایا گیا ہے اس کا وزن 2.3 ٹن ہے جس کو اس کو چار شمسی موٹروں کے ذریعے چلایا جاتا ہے جنھیںسولر سیلز سے توانائی ملتی ہے۔پاکستان کے حکمرانوں کوسوچنا چاہیے کہ دنیا کہاں سے کہاں پہنچ گئی ہے اور ہم ابھی تک بجلی کی لوڈشیڈنگ میں پھنسے ہوئے ہیں' ہمارے پاس ذہین افراد کی کمی ہے نہ وسائل کی' اگر دنیا سولر پاور سے کارنامے انجام دے سکتی ہے تو ہم از کم اس ذریعہ توانائی سے لوڈشیڈنگ ہی ختم کر لیں تو بڑا کارنامہ ہو گا۔