سلیمان لاشاری قتل کیس کا چالان 10 جون تک جمع کرانے کا حکم

تفتیشی افسرکی مصروفیت سے چالان پیش نہ ہوسکا، مقدمے کو طول دیا جارہا ہے، تفتیشی افسر کی بددیانتی عیاں ہوچکی،وکیل صفائی


Staff Reporter June 04, 2014
وکیل سرکار نے10دن کی مہلت طلب کرلی، فاضل عدالت نے چالان بغیر کسی عذرکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سلیمان لاشاری قتل کیس کا چالان10 جون تک عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو جیل حکام نے مقدمے میں ملوث سلمان ابڑو، راشد، یاسین جمالی اور دیگر ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا اس موقع پر مقدمے کے تفتیشی افسر کے نمائندہ سب انسپکٹر عبدالرشید پیش ہوئے اور بتایا کہ تفتیشی افسر سپریم کورٹ اسلام آباد میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے چالان پیش نہیں کیا جاسکتا۔

اس موقع پر وکیل صفائی نے شکایت کی کہ تفتیشی افسر جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کرکے مقدمے کو طول دے رہا ہے ان کے موکل کو غیرقانونی جیل میں رکھا ہوا ہے تفتیشی افسر کی غفلت، لاپروائی اور بددیانتی عیاں ہوچکی ہے تفتیشی افسر کے خلاف کارروائی کرنے کی استدعا کی،وکیل سرکار عبدالمعروف نے عدالت کو بتایا کہ انسداد دہشت گردی کی ایکٹ 19کے تحت تفتیش ایک ماہ میں مکمل کرنے کا اختیار ہے اور تفتیشی افسر قانون کے مطابق کام میں مصروف ہے وکیل سرکار نے10 یوم کی مہلت طلب کی جس پر فاضل عدالت نے 10جون تک چالان بغیر کسی عذر جمع کرانے کا حکم دیا۔