اسٹیل میلٹروری رولرز کیلیے بجلی پر 7 روپے یونٹ سیلز ٹیکس عائد

رجسٹرڈ افراد کو اسٹیل مصنوعات کی سپلائی پر انوائسز جاری کرنا ہونگی جس میں سیلز ٹیکس کٹوتی کی رقم بھی درج کرنا ہوگی


Irshad Ansari June 06, 2014
رجسٹرڈ افراد کو اسٹیل مصنوعات کی سپلائی پر انوائسز جاری کرنا ہونگی، نوٹی فکیشن۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اسٹیل میلٹروری رولرز اور کمپوزٹ یونٹس کے لیے کسی بھی ذرائع سے حاصل کردہ بجلی کے استعمال پر سیلز ٹیکس کی شرح 4 روپے سے بڑھا کر 7 روپے فی یونٹ کردی ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے گزشتہ روز ایس آر او نمبر 421(I)/2014 جاری کردیا گیا جس کے تحت سیلز ٹیکس اسپیشل پروسیجر رولز 2007 میں ترامیم کردی گئی ہیں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ شوگر ملز رکھنے والے لوگ اگر اسٹیل میلٹر یا ری رولرز بھی ہیں اور وہ اسٹیل میلٹرو ری رولر کے لیے اپنی ہی شوگر ملز کی بگاس سے بجلی پیدا کرتے ہیں تو ان پر بھی 7 روپے فی یونٹ سیلز ٹیکس عائد ہوگا، علاوہ ازیں گیس یا کسی دوسرے ذرائع ایندھن سے بجلی پیدا کرنے والے یونٹس پر بھی 7روپے فی یونٹ سیلز ٹیکس کا اطلاق ہوگا۔ اس کے علاوہ شپ بریکرز کے لیے شپ پلیٹس کی سپلائی پر عائد سیلز ٹیکس کی شرح6600 روپے فی میٹرک ٹن، قابل میلٹ اسکریپ پر 5600 روپے فی میٹرک ٹن سیلز ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق رجسٹرڈ افراد کو اسٹیل مصنوعات کی سپلائی پر انوائسز جاری کرنا ہونگی جس میں سیلز ٹیکس کٹوتی کی رقم بھی درج کرنا ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اسٹیل میلٹرز، میلٹنگ و ری رولنگ کی فیسیلٹی رکھنے والے کمپوزٹ یونٹس اور ایم ایس کولڈ ڈرائننگ ٹو رجسٹرڈ ری رولرز کو جاری کردہ انوائسز پر 6ہزار447 روپے فی میٹرک ٹن سیلز ٹیکس کی رقم درج کرنا ہوگی، اسٹیل میلٹرز، میلٹنگ و ری رولرز کی انگٹس و بلٹس استعمال کرنے والوں کو انوائسز پر7 ہزار 357 روپے فی میٹرک ٹن جبکہ پاکستان اسٹیل ملز، پیپلز اسٹیل ملز اور ہیوی مکینیکل کمپلکس کی بلٹس استعمال کرنے والے یا درآمدی بلٹس کی رجسٹرڈ لوگوں کو سپلائی پر جاری کی جانے والی انوائسز پر8 ہزار 92 روپے فی میٹرک ٹن سیلز ٹیکس درج کرنا ہوگا۔

ری رول ایبل اسکریپ اور شپ پلیٹس کو بطور خام مال استعمال کرنے والے ری رولرز کی جاری کردہ انوائسز پر 7ہزار610 روپے فی میٹرک ٹن سیلز ٹیکس درج کرنا ہوگا جبکہ ری رولرز کی طرف سے ان رجسٹرڈ لوگوں کو سپلائی کے لیے انوائسز پر910 روپے فی میٹرک ٹن، رجسٹرڈ لوگوں کو ایم ایس مصنوعات درآمد کرنے والوں کی طرف سے جاری کردہ انوائسز پر 8 ہزار 526 روپے فی میٹرک ٹن جبکہ ان رجسٹرڈ لوگوں کو درآمدی ایم ایس کی سپلائی کی انوائسز پر910 روپے فی میٹرک ٹن سیلز ٹیکس درج کرنا ہوگا۔