سرفراز احمد کا مفت تعلیم کیلیے کراچی میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان

اسپورٹس رپورٹر  پير 12 فروری 2024
مالی استعداد نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں ہونا چاہیے، سرفراز احمد۔ فائل فوٹو

مالی استعداد نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں ہونا چاہیے، سرفراز احمد۔ فائل فوٹو

  کراچی: سابق قومی کپتان سرفراز احمد نے کراچی میں مفت تعلیم کے لیے یونیورسٹی بنانے کا اعلان کر دیا، زیر تعلیم طلبا اور طالبات کو بلا معاوضہ تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے دور میں حصول علم بہت مشکل ہوگئی ہے، طالب علموں کے لیے تعلیم کے مالی اخراجات کا ادا کرنا ناممکن سا ہوگیا ہے جبکہ بڑھتی ہوئی فیس کے سبب بعض اوقات تعلیمی ادارے میں داخلہ لینا بھی ممکن نہیں ہوتا، مالی استعداد نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ فلاحی مقاصد کے لیے کوشاں غیر سرکاری تنظیم کے ساتھ مل کر یونیورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس یونیورسٹی میں طلبا کو مفت تعلیم فراہم کریں گے تاکہ وہ علم حاصل کرکے اپنا مستقبل سنواریں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔

مزید پڑھیں: کیا سرفراز کو کپتانی سے ہٹا دیا گیا؟ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی وضاحت

 

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے قیام کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، اس ضمن میں عوامی تعاون بہت ضروری ہے، منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سمیت ملک بھر کی جامعات اور ماہرین تعلیم سے بھی رابطے کرکے تعاون حاصل کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔