ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے الزام میں 7 ملزمان کا جسمانی ریمانڈ

نکاح نامے اور پیدائشی سرٹیفکیٹ کی تصدیق پر رشوت وصول کرنے والے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد


Staff Reporter June 06, 2014
ملزمان نے کورنگی کے سیکٹر 27 سنگر چورنگی کے قریب ہنگامہ آرائی توڑ پھوڑ کررہے تھے۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR: تھانہ عوامی کالونی نے ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، جلائو گھیرائو اور دہشت گردی کے الزام میں گرفتار 7ملزمان کو دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کرکے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو تھانہ عوامی کالونی نے ہنگامہ آرائی توڑ پھوڑ جلائو گھیرائو اور دہشت گردی کے الزام میں گرفتار قمر ، محمد کاشف ، نعیم شہزار ، محمد ساجد ، فیصل خان ، محمد ارسلان اور علی رضا کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلیے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبرایک کے انچارج جج کے روبرو پیش کیا اس موقع پر پولیس نے بتایا کہ 3جون کوعدالت میں موجود ملزمان نے کورنگی کے سیکٹر 27 سنگر چورنگی کے قریب ہنگامہ آرائی توڑ پھوڑ کررہے تھے، ملزمان نے آتش گیر مواد سے 3 سے زائد گاڑیوں کو نذد آتش کرکے نجی املاک کو نقصان پہنچایا۔

ملزمان کو موقع پر گرفتار کیا گیا تھا جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہوگئے، ملزمان کی نشاندہی پرانھیں گرفتار کرنا ہے اور14یوم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ، فاضل عدالت نے ملزمان کو 12جون تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا،ملزمان کے خلاف تھانہ عوامی کالونی میں سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔

علاوہ ازیں انسداد بدعنوانی کی صوبائی عدالت نے نکاح نامے اور پیدائشی سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے عوض 6 ہزار روپے رشوت وصول کرنے کے الزام میں ملوث ملزم فراز زیدی کی درخواست ضمانت مسترد کردی، ملزم یونین کونسل 10 پہلوان گوٹھ کا ملازم تھا اس نے مدعی سید حیدر علی زیدی سے مذکورہ دستاویزات کی تصدیق کیلیے6ہزار روپے طلب کیے تھے جس پر مدعی نے محکمہ اینٹی کرپشن میں ملزم کے خلاف درخواست دی تھی، اینٹی کرپشن پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی عرفان علی کی سربراہی میں چھاپہ مار کر ملزم کو موقع پر رشوت لیتے ہوئے گرفتار کرکے نشان زدہ نوٹ ملزم سے برآمد کرلیے تھے۔