گیس نرخوں میں اضافہ غیرمنطقی اور ناقابل عمل ہے اپٹما

200 فیصد اضافے سے شعبہ متاثر ہوگا جبکہ مراعات بے سود اور صنعت بندش کی جانب چل پڑیگی، اپٹماایگزیکٹو کمیٹی


Business Reporter June 07, 2014
برآمد بڑھانے کی پوزیشن میں آگئے تھے، یاسین صدیق، کپاس پر ڈیوٹی وٹیکس پر نظرثانی کی استدعا۔ فوٹو: فائل

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما)نے وفاقی بجٹ میںگیس انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس (جی آئی ڈی سی) کی فی ایم ایم بی ٹی یو کی شرح میں 200فیصداضافے کوغیرمنطقی اور ناقابل عمل قراردیتے ہوئے اس اقدام کومسترد دیا ہے۔

اپٹما کی ایگزیکٹو کمیٹی نے حکومت کے اس فیصلے کوغیرمنصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے اس فیصلے پر عمل درآمد کی صورت میں ملک بھرمیں پاورجنریشن اورپروسیسنگ کے لیے قدرتی گیس کے استعمال کنندہ پورے ٹیکسٹائل سیکٹر کو بری طرح متاثر کرے گا۔ اپٹما کے سینٹرل چیئرمین آپٹما یاسین صدیق نے کہا ہے کہ جی آئی ڈی سی کی شرح کو 100روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھا کر300روپے کرنے کے فیصلے سے نہ صرف وفاقی بجٹ میں ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے اعلان کردہ مراعات بے سودہوجائیں گی بلکہ ٹیکسٹائل انڈسٹری خسارے کا شکار ہوکربندش کی جانب گامزن ہوجائے گی۔

ملک میں بجلی کے بدترین بحران کی وجہ سے ٹیکسٹائل انڈسٹری نے اپنے برآمدی آرڈرز کی بروقت ترسیل اور ملکی جی ڈی پی میں اپنا حصہ اداکرنے کے لیے اضافی سرمایہ کاری کرکے کیپٹو پاور پلانٹ لگارکھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو کیپٹو پاور پلانٹ لگانے کے لیے اضافی سرمایہ کاری تو کرنا پڑی لیکن اس کے بہت مثبت نتائج سامنے آئے اور گزشتہ چند برسوں سے ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میںاضافہ ریکارڈ کیاجارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین میں جی ایس پی پلس درجہ ملنے کے بعد خطے میں بلند ترین پیداواری لاگت کے باوجود ٹیکسٹائل سیکٹر ملکی برآمدات میں کئی گنا اضافہ کرنے کی پوزیشن میں آگیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر پہلے ہی سے کئی چیلنجز اور مشکلات کا سامنا کررہا تھا اور ایسے وقت میں اس سیکٹر کے لیے جی آئی ڈی سی کی شرح میں200فیصد فی ایم ایم بی ٹی یو کا اضافہ اس سیکٹر کی کمر توڑ دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ وفاقی بجٹ میں وزیر خزانہ کی جانب سے ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے کچھ مثبت اعلانات کیے گئے جن میں مارک اپ ریٹ میں کمی اور مشینری کی ڈیوٹی فری درآمد شامل ہے لیکن ہمیں خدشہ ہے کہ ان تمام مثبت اعلانات کے تمام تر فوائد پاور ریٹ خصوصا جی آئی ڈی سی میں اضافے کی وجہ سے نہ صرف ضائع ہوجائیں گے بلکہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے مزید مشکلات کا سبب بنتے ہوئے اس سیکٹر کو مزیدبھاری نقصانات کی جانب دھکیل دیں گے۔

یاسین صدیق نے حکومت سے درخواست کی کہ خام کاٹن کی درآمد پر ایک فی صد امپورٹ ڈیوٹی اور 5فی صد سیلز ٹیکس عائد کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپننگ سیکٹر لانگ اسٹیبل اور آلودگی فری کاٹن بڑے پیمانے پر درآمد کرتا ہے جو ملک میں دستیاب نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلز ٹیکس ریفنڈ کا فیصلہ درآمد کنندگان کے لیے گھمبیر لیکیوڈیٹی مسائل پیداکردے گا۔ انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور مسلم لیگ حکومت کی فری ٹریڈ اکنامک پالیسیوں کے مطابق خام کاٹن کی درآمد ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس فر ی ہونی چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے