ٹی وی پروگرام دیکھ کر بھتہ خور بنا ملزم کا انکشاف

سہیل کوایس آئی یو نے پکڑا، انشورنس کمپنی میں سیلز کنسلٹنٹ تھا، ملازمت کی وجہ سے کئی لوگوں کا ڈیٹا اس کے پاس تھا


Staff Reporter June 07, 2014
ملزم سہیل احمد آئی ایس یو پولیس کی تحویل میں۔ فوٹو: ایکسپریس

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی پولیس پارٹی نے کورنگی سے بھتہ خوری کی سیکڑوں وارداتوں میں ملوث انشورنس کمپنی کے سیلزکنسلٹنٹ کو گرفتار کرکے اسلحہ اور بھتے کی طلبی کے لیے استعمال کیا جانے والا موبائل فون اورسمیں برآمد کرلیں۔

ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے بھتہ خوری کا سلسلہ ٹی وی پروگرام دیکھ کر شروع کیا ہے،تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی پولیس پارٹی نے کورنگی سے مبینہ بھتہ خوری کی سیکڑوں وارداتوں میں ملوث ملزم سہیل احمد عرف زبیری کو گرفتار کر لیا، ایس آئی یو کے اعلامیے کے مطابق گرفتار ملزم ای ایف یو انشورنس کمپنی میں بطور سیلز کنسلٹنٹ ملازم ہے ، اس کے پاس ای ایف یو کمپنی میں ملازمت کی وجہ سے لوگوں کا ڈیٹا موجود تھا ،ملزم کو بھتہ خوری سے متعلق معلومات و تحریک ایک نجی ٹی وی شو میں بھتہ خوری سے متعلق پروگرام دیکھنے سے ملی جس کے بعد ملزم نے اپنے پاس موجود ڈیٹا کی مدد سے لوگوں بھتہ وصولی شروع کردی،ایس آئی یو میں ملزم کے خلاف بھتہ خوری کی19درخواستیں اور3 مقدمات درج ہیں۔

اعلامیے کے مطابق ملزم اپنے پاس موجود معلومات کی روشنی میں پوسٹ آفس کے ذریعے بھتہ طلبی کیلیے خط بھیجا کرتا تھا ،موبائل فون اور ایس ایم ایس کے ذریعے رابطہ کرتا تھا ، معاملہ طے ہوجانے پر ایزی پیسہ کے ذریعہ رقم منگواتا تھا ، ایزی پیسے سے رقم کی منتقلی کے لیے ملزم ای ایف یو لائف انشورنس کمپنی میں ملازمت کے لیے درخواستیں جمع کرانے والوں کے شناختی کارڈ کا استعمال کیا کرتا تھا ،ملزم نے زیادہ تر بینکرز ، تاجروں،کمپنی مالکان اور اسکول مالکان کو بھتے کے خط بھیجے،ان سے بھتہ وصول بھی کیا ،گرفتاری کے وقت ملزم کے قبضے سے بھتہ طلبی کی غرض سے بھیجے جانے والے لیٹرز اور بھتہ طلبی کے لیے استعمال کیا جانے والا موبائل فون ، سم اور پستول برآمد ہوئی،گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے ۔