پی ایس ایل9؛ ملتان سلطانز نے ہوم گراؤنڈ پر کراچی کنگز کو دھول چٹادی

ویب ڈیسک  اتوار 18 فروری 2024
فوٹو: پی ایس ایل

فوٹو: پی ایس ایل

ملتان: پی ایس ایل سیزن 9 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 55 رنز سے شکست دے دی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے 185 رنز کے جواب میں کراچی کنگز 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بناسکی۔

شعیب ملک 53، شان مسعود 30، کیرن پولارڈ 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ مذکورہ تین بلے بازوں کے علاوہ کراچی کنگز کا کوئی کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا جبکہ 4 بلے باز کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔

مزید پڑھیں: بابراعظم نے پاکستان سپر لیگ میں تاریخ رقم کردی

قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔

اوپنرز محمد رضوان اور ڈیوڈ میلان نے ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز کیا تاہم 17 رنز کے مجموعی اسکور پر کپتان محمد رضوان 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 9؛ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا فاتحانہ آغاز، زلمی کو 16 رنز سے شکست

ڈیوڈ میلان 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ریزا ہینڈرکس نے 79 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ خوشدل شاہ 13 گیندوں پر 28 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آخری تین فائنل کھیلنے والی ملتان سلطانز محمد رضوان کی قیادت میں کافی متوازن نظر آرہی ہے۔

مزید پڑھیں: شعیب ملک کو سپورٹ کرنے اہلیہ ثنا جاوید ملتان اسٹیڈیم پہنچ گئیں

ملتان سلطانز نے 2021 میں ٹورنامنٹ جیتا تھا جبکہ 2022 اور 2023 میں رنر اپ رہی تھی، دوسری جانب شان مسعود کی قیادت میں کراچی کنگز بھی جیت کیلئے پُرامید ہے۔

ملتان سلطانز: محمد رضوان (کپتان)، ڈیوڈ ملان، ریزا ہینڈرکس، یاسر خان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد علی، شاہنواز دہانی۔

کراچی کنگز: جیمز ونس، شان مسعود (کپتان)، سعد بیگ، محمد نواز، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، ڈینیئل سامس، حسن علی، تبریز شمسی، میر حمزہ، محمد عامر خان۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔